مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی نیوز ایجنسی قومی آواز سے نقل کیا ہے کہ طالبان کے ایک اعلیٰ رہنما نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس نے بھارت کے لیے اپنا ایک سفارت کار مقرر کیا ہے، تاہم اس سفارتی نمائندے کو کابل سے نہیں بھیجا گیا ہے بلکہ وہ پہلے سے ہی نئی دہلی میں افغانستان کے سفارتخانے میں کام کرتے رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا میں اس حوالے سے جو خبریں شائع ہوئی ہیں، اس کے مطابق طالبان نے نئی دہلی میں افغان سفارتخانے کے لیے محمد قادر شاہ کو اپنا ناظم الامور مقرر کیاہے، جو کابل سے نہیں بھیجے گئے بلکہ وہ پہلے سے ہی اسی سفارت خانے کے ساتھ کام کر رہے تھے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ میں طالبان کے حوالے لکھا گیا ہے کہ اس تازہ اقدام سے ''بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات قائم ہوں گے اور یہ اعتماد سازی کا ایک قدم ہے۔'' اطلاعات کے مطابق طالبان سمجھتے ہیں کہ نئی دہلی کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کرنے کے لیے یہ ایک اچھا آغاز ہو سکتا ہے۔
آپ کا تبصرہ