مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ ترجمان ناصر کنعانی نے کہا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ ایران کے فوجی اور دفاعی نظام کے خلاف بے بنیاد الزامات اور پابندیاں عائد کرکے دنیا میں امریکی اسلحہ فروخت کرنے کے لئے منڈی تلاش کرنا چاہتے ہیں۔ ایران کے بارے میں خوف کی فضا قائم کرنا اور خطے کے ممالک کے درمیان تفرقہ ڈالنا امریکہ کا وطیرہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتھونی بلینکن کے دعوؤں کے برعکس ایران ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کا خواہشمند ہے۔ خطے میں امن و امان کی بحالی اور خوشحالی کے لئے بیرونی مداخلت کا سلسلہ ختم ہونا چاہئے۔
ناصر کنعانی نے اس بات پر تاکید کی کہ ایران کی دفاعی طاقت صرف ملک کی حفاظت کے لئے ہے اور ایران کسی بھی ہمسایہ ملک کے خلاف کوئی جارحانہ رویہ نہیں رکھتا ہے۔ انہوں نے بے بنیاد الزامات لگانے کو امریکہ کی پرانی عادت قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے ہمیشہ سے غیر ذمہ دارانہ رویہ اپنا کر خطے کا امن خطرے میں ڈالنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے امریکی حکومت کو انتباہ کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں مداخلت اور غیر ذمہ دارانہ رویہ ترک کرے اور مشرق وسطی میں امن اور خوشحالی لانے کے لئے خطے کے ممالک کو آزاد پالیسی اپنانے دے۔
آپ کا تبصرہ