مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تحریک آزادی القدس پاکستان کے زیر اہتمام گزشتہ دنوں پاکستان سے غاصب صہیونی ریاست اسرائیل تک کھانے کے سامان کی تجارت اور سرزمین پاکستان پر اسرائیلی نواز افراد کے مسلسل بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے اسرائیل مخالف نظریہ کی توہین کیخلاف کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرہ میں آئی ایس او کراچی کے صدر دیباج عابدی، رہنماء پی ٹی آئی اسرار عباسی، سابق ایم این اے ایم کیو ایم پاکستان محفوظ یار خان، سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم کراچی مولانا صادق جعفری اور جنرل سیکریٹری فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر صابر ابو مریم نے شرکت کی اور خطاب کیا۔ مظاہرہ میں شرکاء نے اسرائیل مخالف پلے کارڈز اور فلسطینی پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔ اپنے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ سرزمین پاکستان سے غاصب صہیونی ریاست تک کھانے پینے کی اشیاء سے بھرا کنٹینر جانا جہاں تشویشناک ہے، وہیں حکومت وقت کے اوپر کئی سوالیہ نشان بھی کھڑے کر رہا ہے، ایسا کیسے ممکن ہے کہ حکومت یا حکومتی ادارے اس غیر آئینی عمل سے ناواقف ہوں۔
مقررین نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کچھ عرصہ سے دیکھنے میں آ رہا ہے کہ چند پاکستانی شہریت رکھنے والے غدار اسرائیلی نواز افراد اسرائیل سے روابط و تعلقات بنانے کی باتیں کر رہے ہیں اور سوشل میڈیا سمیت مختلف مقامات پر اس کا اظہار بھی کر رہے ہیں، ایسے افراد کے خلاف ناصرف قانونی کارروائی کی جائے، بلکہ انہیں سخت سزا دے کر عبرت بنایا جائے۔ مقررین کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے، بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے فرمان کے مطابق اس کو کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے اور ایسی تمام قوتوں کو متنبہ بھی کرتے ہیں کہ جب تک سرزمین پاکستان پر قائداعظم محمد علی جناحؒ کے معنوی فرزند موجود ہیں، تب تک کسی میں اتنی جرأت نہیں کہ مظلوم فلسطینی مسلمانوں کی قاتل صہیونی حکومت کو قبول کرے۔
مقررین کا مزید کہنا تھا کہ ہر سال کی طرح اس سال ایک بار پھر پاکستان میں جمعتہ الوداع عالمی یوم القدس کا روز ثابت کرے گا اور دنیا دیکھی گی کہ پاکستانیوں کے دل ہمہ وقت مظلوم فلسطینی و کشمیری عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور پاکستانی عوام کسی صورت اس ظالم صہیونی ریاست کو قبول نہیں کرے گی۔
آپ کا تبصرہ