مہر خبررساں ایجنسی نے اسپوٹنک کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان بدھ کی صبح روس کے دورے پر ماسکو پہنچے۔
انہوں نے موقع پر موجود ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کی اور مختلف سوالوں کا جواب دیا۔ اسپوٹنک کے مطابق وزیرخارجہ نے دفاعی پروگرام کو دونوں ممالک کی مشترکہ ترجیحات میں سے قرار دیتے ہوئے کہا کہ دفاعی میدان میں ایران اور روس کا باہمی تعاون کسی تیسرے ملک کے خلاف نہیں ہے۔
امیر عبداللہیان نے ایران اور مغربی ممالک کے درمیان ایٹمی مذاکرات کے بارے میں سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے دروازے بند نہیں ہوئے ہیں۔ روسی ہم منصب سرگئی لاروف کے ساتھ ملاقات کے دوران ایٹمی مسئلے پر دوبارہ مذاکرات کا اغاز بھی زیر بحث آئے گا۔
ایران اور روس کے باہمی تعلقات کے بارے میں ایرانی وزیرخارجہ نے کہا کہ گذشتہ سالوں میں دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری اور مثبت نتائج برامد ہوئے ہیں اور باہمی تجارت کا حجم کئی گنا بڑھ گیا ہے۔ دونوں ممالک میں اقتصادی، سیاسی، سیاحتی اور دفاعی منصوبے شروع کئے گئے ہیں اور مشترکہ مفادات کے حصول میں ملنے والی کامیابی کے سلسلے میں دونوں راضی ہیں۔
یاد رہے کہ حسین امیر عبداللہیان روسی وزیر خارجہ کی دعوت پر ایک وفد کے ہمراہ بدھ کو علی الصبح دارالحکومت ماسکو پہنچ گئے ہیں۔
آپ کا تبصرہ