مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی میڈیا سے نقل کیاہےکہ ہندوستانی فوج کا ’چیتا ہیلی کاپٹر‘ اروناچل پردیش میں حادثہ کا شکار ہو گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حادثہ منڈلا پہاڑی علاقہ کے پاس ہوا ہے اور پائلٹوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ گواہاٹی کے پی آر او ڈیفنس لیفٹیننٹ کرنل مہندر راوت نے اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ بومڈیلا کے پاس ایک آپریشنل چیتا ہیلی کاپٹر کا رابطہ آج صبح تقریباً 9.15 بجے اے ٹی سی سے ٹوٹنے کی خبر ملی تھی۔
ہیلی کاپٹر میں کتنے لوگ سوار تھے، اس سلسلے میں ابھی کچھ بھی حتمی جانکاری نہیں مل سکی ہے۔ حالانکہ ایک رپورٹ میں مطلع کیا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں دو پائلٹ سوار تھے اور دونوں میں سے کسی کا بھی پتہ اب تک نہیں چل سکا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ہیلی کاپٹر نے اروناچل پردیش کے بومڈیلا کے پاس سے آپریشنل پرواز بھری تھی اور اس کے کچھ دیر بعد ہی اے ٹی سی سے اس کا رابطہ ٹوٹ گیا۔ بعد میں اس کے بومڈیلا کے مغرب میں منڈلا ہلز کے پاس حادثہ کا شکار ہونے کی خبر ملی۔