18 نومبر، 2022، 5:31 PM

پاکستان؛ دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 میں 64 ممالک کی شرکت

پاکستان؛ دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 میں 64 ممالک کی شرکت

پاکستانی وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار محمد اسرار ترین نے کہا ہے کہ پاکستان نے فضائی و زمینی آلات اور ٹیکنالوجی کے میدان میں بہترین جدت دنیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے فخریہ طور پر دفاع کے مختلف شعبوں میں کامیابی کے ساتھ خود انحصاری کی منزل حاصل کرلی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایکسپریس نیوز سے نقل کیاہےکہ کراچی ایکسپو سینٹر میں دفاعی ہتھیاروں کی نمائش آئیڈیاز 2022کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے پاکستانی وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار محمد اسرار ترین نے کہا کہ پاکستان نے عالمی مسابقت کے باوجود دنیا میں ہم آہنگی اور امن کے داعی ملک کی حیثیت سے ہمیشہ اس آفاقی نظریے کو مقدم رکھا ہے کہ ہتھیار امن کی ضمانت ہیں۔ اختتامی تقریب میں ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمد عارف ملک ہلال امتیاز(ملٹری)، ڈائریکٹر کوآرڈینیشن ڈیپو برگیڈیئر نوید اعظم چیمہ، ڈائریکٹر میڈیا ڈیپو کموڈور محمد طاہر ستارہ امتیاز(ملٹر) اور بدر ایکسپو سلوشنز کے سی ای او زوہیر نصیر نے بھی شرکت کی۔
وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار نے مزید کہا کہ آئیڈیاز 2022ہماری دفاعی مصنوعات کا شوکیس تھا، جو بین الاقوامی سطح کے میگا ایونٹ کے انقاد کی ہماری صلاحیتوں کو ظاہر کرتا ہے جس سے خطے میں سیکیوریٹی سے متعلق ہمارے نکتہ نظر کو ایک اہم بین الاقوامی پلیٹ فارم کے ذریعے دنیا کے سامنے موثر انداز میں پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ نے دفاعی صنعت کے نجی اور سرکاری شعبوں کو ان کی مصنوعات کی نمائش کے ساتھ ترقی یافتہ دفاعی صنعت کے ساتھ ملاقات کے منفرد مواقع مہیا کیے جس سے پاکستان کے دفاعی و سفارتی تعلقات کو مضبوط بنانے میں بھی مدد ملی۔ آئیڈیاز 2022 کے مروجہ ماحول میں کامیابی سے انعقاد نے دنیا کے سامنے پاکستان کی ایک جدید اور ترقی کرتی ہوئی رواداری اور تحمل پر کاربند ریاست کی تصویر کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا جو عالمی برادری کے ساتھ بقائے باہمی کے اصولوں پر امن کی خواہاں ہے۔

میڈیا کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ آئیڈیاز 2022 کے تمام اہداف کامیابی سے حاصل کرلیے گئے۔ نمائش میں 64ملکوں کے 285 غیرملکی دفاعی مندوبین نے شرکت کی جس سے اس نمائش کی اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے۔ نمائش میں 30سے زائد مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ غیرملکی مندوبین اور غیرملکی نمائش کنندگان نے نمائش کے دوران پرسکون طریقے سے قیام کیا جس سے دنیا کو یہ پیغام ملا ہے کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے جو اس طرح کے بڑے ایونٹ احسن انداز میں منعقد کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

News Code 1913221

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha