مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیاہےکہ خضدار کے علاقے چمروک سے گزرنے والی گاڑی پر دستی بم پھینکا گیا جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ واقعے کے بعد پولیس اور ریسکیو رضاکار وقوعہ پر پہنچے اور امدادی کارروائی شروع کیں۔ ریسکیو حکام نے پانچ زخمی افراد کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا جبکہ پولیس نے وقوعہ کو سیل کر کے شواہد اکھٹے کرلیے اور دہشت گردوں کی تلاش کیلیے آپریشن بھی شروع کردیا۔
اُدھر مشیرداخلہ میر ضیاءاللہ لانگو نے خضدار چمروک کے مقام پر دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔
پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ مشیر داخلہ نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو تمام طبی سہولیات فراہم کی جائیں، اس کے ساتھ ہی انہوں نے تمام متاثرہ افراد کی جلد صحت یابی کیلیے دعا بھی کی۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت عوام کے ساتھ مل کر امن دشمن عناصر کا قلع قمع کریں گے۔
آپ کا تبصرہ