مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی ریاست کولاراڈو کے جنگلات میں لگنے والی آگ شدت اختیار کرگئی جس نے سیکڑوں گھروں کو جلا کر راکھ کردیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق کولاراڈو کے جنگلات میں منگل کی رات اچانک لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے بڑے رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ انتظامیہ نے فوری طورپر ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے مقامی آبادی کو گھروں سے نکال کر محفوظ مقام کی طرف منتقل کیا۔ اس دوران ریسکیو اداروں کے رضا کار، محکمہ فائر بریگیڈ کا عملہ اور پولیس کی بھاری نفری وقوعہ پر پہنچی اور امدادی کام شروع کیے۔
مقامی حکام کے مطابق آتشزدگی کے باعث اب تک 600 گھر جل کر راکھ ہوچکے ہیں، تیز ہواؤں کی وجہ سے آگ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا ہے اور یہ 1600 ایکڑ سے زائد رقبے پر پھیل چکی ہے۔
حکام نے بتایا کہ آگ لگنے کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی البتہ 6 شہری زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
آپ کا تبصرہ