مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی کے بین الاقوامی امور کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی کے ساتھ شام کے وزیر خارجہ فیصل مقداد نے ملاقات اور گفتگو کی۔
ڈاکٹر اکبرعلی ولایتی نے اس ملاقات میں ایران اور شام کے اسٹریٹیجک تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ شامی حکومت اورعوام نے امریکہ اور اسرائیل کے پروردہ داعش دہشت گردوں کے ساتھ بھر پور مقابلہ کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شامی حکومت اور عوام کو شاندار کامیابی نصیب ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ایران کا تعاون انسانی، قانونی اور اخلاقی بنیادوں پر استوار تھا اور ایران شام کو تنہا نہیں چھوڑےگا ۔
ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے شام میں اسلامی مزاحمت کی کامیابیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ شامی صدر ، شامی حکومت ،شامی عوام اور اسلامی مزاحمت نے 80 ممالک کے دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جنھیں امریکہ اور اسرائیل کی سرپرستی حاصل تھی۔ شام میں داعش دہشت گردوں کی شکست درحقیقت امریکہ اور اسرائیل کی شکست ہے اور اسلامی مزاحمت کے ہاتھوں انھیں آئندہ بھی شکست کا سامنا کرنا پڑےگا۔
اس ملاقات میں شام کے وزير خارجہ فیصل مقداد نے ایران کے برادرانہ اور دوستانہ تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور شام کے تعلقات کلیدی اہمیت کے حامل ہیں اور شام ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
آپ کا تبصرہ