24 مئی، 2021، 11:54 AM

پاکستان کی امریکہ کو اپنی فضائی ، بری اور بحری حدود استعمال کرنے کی اجازت برقرار

پاکستان کی امریکہ کو اپنی فضائی ، بری اور بحری حدود استعمال کرنے کی اجازت برقرار

امریکی وزارت دفاع پینٹاگون کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ پاکستان نے امریکی فوج کو اپنی بری ، بحری اورفضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے رکھی اور پاکستانی اجازت کا سلسلہ برقرار رہےگا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ڈان کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی وزارت دفاع پینٹاگون کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ پاکستان نے امریکی فوج کو اپنی بری ، بحری اورفضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے رکھی اور پاکستانی اجازت کا سلسلہ برقرار رہےگا۔ ہند ۔ بحر الکاہل امور کے لیے اسسٹنٹ سیکریٹری برائے دفاع ڈیوڈ ایف ہیلوے نے امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کو بتایا ہے کہ امریکہ، پاکستان سے اپنی بات چیت جاری رکھے گا کیونکہ اس کا افغانستان میں امن کی بحالی میں کلیدی کردار ہے۔

پینٹاگون کے عہدیدار نے یہ بات مغربی ورجینیا سے ڈیموکریٹ سینیٹر جو مانچِن کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہی جنہوں نے ان سے سوال کیا تھا کہ 'پاکستان کے بارے میں بالخصوص اس کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے متعلق اپنے اندازوں اور جو کردار آپ ان سے ہمارے مستقبل میں ادا کرنے کی توقع رکھتے ہیں اس کا خاکہ پیش کریں'۔

ڈیوڈ ایف ہیلوے نے جواب میں کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں امریکہ کی فوجی موجودگی برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے اس نے امریکہ کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے اور زمینی رسائی کی اجازت دی۔

انہوں نے کہا کہ 'افغانستان کے مستقبل کی حمایت اور کردار ادا کرنے اور افغانستان میں امن کے لیے ہم پاکستان سے اپنی بات چیت جاری رکھیں گے'۔

واشنگٹن میں موجود سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان نے امریکہ کو افغانستان میں اس کی فوجی موجودگی برقرار رکھنے کے لیے ہمیشہ اس کی فضائی حدود استعمال کرنے اور زمینی رسائی دی ہے اور وہ یہ سلسلہ جاری رکھے گا۔ اسلامی مبصرین کا کہنا ہے کہ بعض اسلامی ممالک کا خطے میں امریکی فوج کی موجودگی میں بہت بڑا کردار ہے اور امریکہ کے اتحادی نام نہاد مسلم ممالک خطے میں امریکہ اور اسرائیل کی بالا دستی قائم کرنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ تجزیہ نگاروں کے مطابق خطے کے بعض اسلامی ممالک امریکی ایجنٹ اور آلہ کار بنے ہوئے ہیں اور یہی ممالک مسئلہ فلسطین کے حل میں سب سے بڑی رکاوٹ کا سبب ہیں جنھوں نے اپنے ملکوں میں امریکی فوجی اڈے قائم کررکھے ہیں۔ امریکہ کا کلمہ پڑھنے والے بعض اسلامی ممالک اسلام اور مسلمانوں کے لئے بہت بڑی ذلت اور رسوائی کا سبب بنے ہوئے ہیں۔ یہ نام نہاد مسلم ممالک خطے میں امریکہ کے بھیانک جرائم میں برابر کے شریک ہیں۔

News Code 1906646

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha