18 فروری، 2019، 3:16 PM

ایران کیلئے کوئی مشکلات کھڑی نہیں کرنا چاہتے، محمود قریشی

ایران کیلئے کوئی مشکلات کھڑی نہیں کرنا چاہتے، محمود قریشی

پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایران ہمارا پڑوسی ملک ہے جس کیلئے کوئی مشکلات کھڑی نہیں کرنا چاہتے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایکسپریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایران ہمارا پڑوسی ملک ہے جس کیلئے کوئی مشکلات کھڑی نہیں کرنا چاہتے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ سے بات کی ہے اور حالیہ حملے پر افسوس کا اظہار کیا، یہ حملے ناقابل قبول ہیں جس کی ہم مذمت کرتے ہیں، ایران ہمارا پڑوسی ملک ہے جس کے لیے ہم کوئی مشکلات کھڑی نہیں کرنا چاہتے۔ قریشی نے کہا کہ ہم ایران کی خودمختاری کا احترام کرتے ہیں اور امید ہے کہ ایران بھی ہماری خودمختاری کا احترام کرے گا، اگر انہیں کوئی مسائل ہیں تو اس پر بات چیت ہوسکتی ہے اور اگر حملے سے متعلق کوئی ثبوت ہیں تو فراہم کریں ہم تعاون کریں گے، ہم نے پہلے بھی ان کے ساتھ تعاون کیا ہے اور ان کی مدد کی ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔

یاد رہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر میجر جنرل جعفری نے زاہدان، خاش سپر ہائی وے پر دہشتگردانہ حملے میں شہید ہونے والوں کی نماز جنازہ اور تشیع جنازہ کے موقع پر کہا تھا کہ پاکستان کو دہشتگردوں کی حالیہ سفاکانہ کارروائیوں کا جواب دینا ہوگا اور اگر پاکستان نے ان کے خلاف کارروائی نہیں کی تو ایران دہشتگردوں کے خلاف بین الاقوامی قوانین کے تحت کارروائی کرے گا۔

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے بدھ کے روز خاش زاہدان روڈ پر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے اہلکاروں کی حامل بس پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں 27 افراد شہید اور 13 دیگر زخمی ہو گئے۔ اس حملے کی ذمہ داری دہشت گرد گروہ جیش العدل نے قبول کی تھی۔

News ID 1888203

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha