5 اکتوبر، 2026، 1:44 PM

پاکستان کے ساتھ ثقافتی اور سیاحتی تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے، گورنر اصفہان

پاکستان کے ساتھ ثقافتی اور سیاحتی تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے، گورنر اصفہان

اصفہان کے گورنر نے اس صوبے کے تہذیبی پس منظر اور علم پر مبنی معیشت، صنعت اور طبی سیاحت کے شعبوں میں موجود غیر معمولی صلاحیتوں پر زور دیتے ہوئے پاکستان کے ساتھ ثقافتی اور سیاحتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ہر سطح پر تعاون کے لیے آمادگی کا اظہار کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مہدی جمالی نژاد نے اتوار کی سہ پہر ایران میں پاکستان کے سفیر سے ملاقات کے دوران اصفہان کے قدیم تاریخی پس منظر اور اقتصادی، صنعتی، سیاحتی اور طبی شعبوں میں موجود نمایاں صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اصفہان ایران کے مرکزی سطح مرتفع میں واقع ملک کے بڑے اور اہم صوبوں میں شمار ہوتا ہے۔ اس صوبے میں 113 سے زائد شہر ہیں اور اس کی جڑیں ہزاروں سال پرانی تاریخ اور تہذیب میں پیوست ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اصفہان شاہراہِ ریشم کے اہم راستوں میں سے ایک پر واقع ہونے کے ساتھ مختلف ادوار، بالخصوص سلجوقی اور صفوی دور میں ایران کا تاریخی دارالحکومت بھی رہا ہے، اسی لیے یہ شہر ثقافتی، سماجی اور شہری سفارت کاری کے شعبوں میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے۔ اصفہان کو 2006 میں اسلامی دنیا کا دوسرا ثقافتی دارالحکومت بھی منتخب کیا گیا تھا۔

اصفہان کے گورنر نے اس خطے کے علمی اور صنعتی مقام پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ اصفہان ملک کے علم پر مبنی معیشت کے حامل اور صنعتی ترین صوبوں میں شامل ہے۔ ملک کی بڑی صنعتوں کا 12 فیصد سے زیادہ حصہ اسی صوبے میں قائم ہے، جبکہ ٹیکسٹائل کے شعبے میں مکمل پیداواری سلسلے، فولاد کی صنعت اور 85 سے زائد خصوصی صنعتی زونز کی موجودگی نے اصفہان کو جدید ٹیکنالوجی اور اعلیٰ درجے کی دقیق صنعتوں کے میدان میں نمایاں مقام دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحت اور طبی سیاحت کے شعبے میں بھی اصفہان میں فراہم کی جانے والی طبی خدمات کا معیار اور یہاں کے ڈاکٹروں کی مہارت اس قدر بلند ہے کہ یورپ اور امریکا میں مقیم ایرانی شہری بھی پیچیدہ علاج کے لیے اصفہان کا رخ کرتے ہیں۔

جمالی نژاد نے ایران اور پاکستان کے درمیان گہرے تاریخی اور مذہبی روابط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد سے انقلابِ اسلامی کے بانی حضرت امام خمینیؒ اسلامی ممالک کے درمیان تعلقات اور قربت کے پُرعزم حامی تھے۔ پاکستان بھی طویل عرصے سے ایران کے ساتھ قریبی، برادرانہ اور دوستانہ تعلقات رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دونوں ممالک کے تعلقات کو پُرامن ہمسائیگی، دوستی اور خلوص کی نمایاں مثال سمجھتے ہیں اور دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کے حالیہ دورے باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی امید پیدا کرتے ہیں۔

اصفہان کے گورنر نے پاکستان کے ساتھ ہمہ جہت تعاون کو فروغ دینے کے لیے مکمل آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم آئندہ ہی ہفتے سے اصفہان کے تاریخی اور روایتی مقامات پر نمائشوں کے انعقاد اور فنونِ لطیفہ و ثقافت کے نمونوں کی نمائش کے لیے ضروری انتظامات کرنے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میئر کی حیثیت سے اپنی سابقہ ذمہ داری کے دوران ’’اصفہان اور لاہور کے ثقافتی ہفتوں‘‘ کے انعقاد کا تجربہ موجود ہے اور ہم سیاحت، ٹور آپریٹرز کے باہمی تبادلے، جامعاتی روابط، صنعت اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں اپنے قیمتی تجربات پاکستانی دوستوں کے ساتھ بانٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

جمالی نژاد نے کہا کہ دونوں ممالک کی سرحدوں کو پائیدار رابطوں اور باہمی تعاون کے پلوں میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

News ID 1941882

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha