مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے کہا ہے کہ خطے میں جاری بحران کے حل کا واحد راستہ جنگ بندی، آبنائے ہرمز کو کھولنے اور مذاکرات کی میز پر واپسی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ماجد الانصاری نے کہا کہ قطر نے 19 مارچ کو ان دو پائلٹوں میں سے ایک کی باقیات تلاش کیں جنہوں نے قطر کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی۔ قطر نے مذکورہ پائلٹ کی باقیات ایران کے حوالے کردی ہیں۔
قطری وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ قطر اپنے ملک، عوام اور خودمختاری کے دفاع میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کرے گا، تاہم موجودہ مرحلے میں سفارتی کوششیں اس کی ترجیح ہیں۔
الانصاری نے دعوی کیا کہ ایران نے تلاش کی کارروائی کے طریقہ کار کا جائزہ لینے کے لیے ایک تکنیکی ٹیم بھیجنے کی قطر کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔ ان کے مطابق ایران نے ایک پائلٹ کی تدفین کی تقریب منعقد کی، جبکہ قطر کی جانب سے ایرانی تکنیکی ٹیم بھیجنے کی دعوت اب بھی برقرار ہے۔
ماجد الانصاری نے کہا کہ موجودہ مرحلے میں قطر کی تمام کوششیں کشیدگی میں اضافے کو روکنے اور بحران کے فریقوں کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے پر مرکوز ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ قطر چاہتا ہے کہ آبنائے ہرمز کھولنے کے معاہدے کے ساتھ ساتھ جنگ بندی بھی عمل میں آئے۔ آگے بڑھنے کا واحد راستہ جنگ بندی، آبنائے ہرمز کی بحالی اور مذاکرات کی طرف واپسی ہے۔
آپ کا تبصرہ