مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے کہا ہے کہ ایران اور عمان کے درمیان مذاکرات اہم اور حساس مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں اور دوحہ کو دونوں فریقوں کی جانب سے مثبت جوابات موصول ہوئے ہیں۔
الجزیرہ کے مطابق ماجد الانصاری نے کہا کہ قطر ایران اور عمان کے درمیان جاری مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت کا خیرمقدم کرتا ہے اور کشیدگی میں کمی کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز سے متعلق مذاکرات بدستور جاری ہیں۔ قطر ایسے کسی بھی فارمولے کی حمایت کرے گا جو آبنائے ہرمز کی سلامتی اور آزادانہ بحری آمدورفت کو یقینی بنائے اور اس اہم بحری راستے کو سیاسی دباؤ کے آلے میں تبدیل ہونے سے روکے۔
قطری ترجمان نے کہا کہ ان کا ملک بطور ثالث آبنائے ہرمز کو جلد از جلد دوبارہ کھولنے کا خواہاں ہے اور خطے میں بحری آمدورفت کی سلامتی کو انتہائی اہم سمجھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ علاقائی سلامتی کسی ایک ملک کی ذمہ داری نہیں بلکہ ایک مشترکہ ذمہ داری ہے، جس کے لیے خطے کے ممالک کے درمیان باہمی رابطے اور مشترکہ تعاون ضروری ہے۔
قطری وزارت خارجہ کے ترجمان نے غزہ کی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قطر امریکا اور اپنے علاقائی شراکت داروں کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے غزہ معاہدے پر عمل درآمد کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
ماجد الانصاری نے کہا کہ قطر غزہ معاہدے پر عمل درآمد کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالنے کے سلسلے میں عالمی برادری پر انحصار کر رہا ہے اور اس حوالے سے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
آپ کا تبصرہ