مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بین الاقوامی میری ٹائم تنظیم نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کے انخلا اور محفوظ گزرگاہ کے لیے جاری کارروائیاں عارضی طور پر روک دی گئی ہیں۔
تنظیم کے مطابق آج خلیج عمان میں جس بحری جہاز کو نشانہ بنایا گیا، وہ IMO کے طے کردہ انخلا اور محفوظ آمدورفت کے فریم ورک کے تحت سفر نہیں کر رہا تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس واقعے کی مکمل تفصیلات اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال کا مزید جائزہ لینے تک آبنائے ہرمز سے جہازوں کے انخلا اور گزرگاہ سے متعلق منصوبہ عارضی طور پر معطل رہے گا۔
رپورٹ کے مطابق، بین الاقوامی میری ٹائم تنظیم کے حکام واقعے کی تمام تفصیلات کا جائزہ لے رہے ہیں، جبکہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید معلومات جاری کی جائیں گی۔
تنظیم کے سیکرٹری جنرل آرسینیو دومینگز نے ایک بیان میں کہا کہ انخلا کے منصوبے کے تحت متعدد جہازوں کو کامیابی سے محفوظ مقام تک پہنچایا گیا تھا، تاہم موجودہ صورتحال کے پیش نظر فہرست میں شامل تمام جہازوں اور خطے میں موجود دیگر بحری عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے انخلا کی کارروائیوں کو عارضی طور پر روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بین الاقوامی میری ٹائم تنظیم نے دو روز قبل اعلان کیا تھا کہ ایران، عمان، دیگر ساحلی ممالک، امریکہ اور عالمی بحری صنعت کے تعاون سے خطے میں موجود 11 ہزار سے زائد ملاحوں کے محفوظ انخلا کا آپریشن شروع کیا جا رہا ہے۔
آپ کا تبصرہ