مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے پارلیمنٹ اجلاس کے دوران ایران کی حالیہ خلائی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان سیٹلائٹس سے سگنلز کی وصولی ایرانی نوجوانوں کی علمی برتری کا ثبوت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صرف ظفر-2 سیٹلائٹ کی تیاری میں ایرانی ماہرین نے تقریباً 3 لاکھ 40 ہزار گھنٹے صرف کیے، جس کے دوران درجنوں پیچیدہ پرزے مقامی طور پر ڈیزائن اور تیار کیے گئے۔
اپنے خطاب کے دوسرے حصے میں ڈاکٹر قالیباف نے ایران کے دفاعی نظریے کی وضاحت کرتے ہوئے دشمنوں کو کڑا پیغام دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران اپنے دفاع کے لیے کسی سے اجازت نہیں مانگتا۔ قومی مفادات کے تحفظ اور جائز دفاع کے حق کو استعمال کرنے کے لیے ہمارے فیصلے اور اقدامات ضروری نہیں کہ ماضی جیسے ہوں یا دشمن ان کا اندازہ لگا سکے۔
اسپیکر نے مزید کہا کہ دشمن کی کسی بھی مہم جوئی یا جارحیت کا جواب ایرانی قوم کی جانب سے وسیع، تباہ کن اور غیر متوقع ہوگا۔ ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اپنی میزائل اور خلائی ٹیکنالوجی میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے، جس نے عالمی سطح پر تہران کی دفاعی طاقت کا لوہا منوا لیا ہے۔ قالیباف نے زور دیا کہ ایران کی دفاعی طاقت کا مقصد امن کا قیام اور جارحیت کا راستہ روکنا ہے، لیکن اگر دشمن نے غلطی کی تو اسے ایسا سرپرائز ملے گا جس کا اس نے تصور بھی نہ کیا ہوگا۔
آپ کا تبصرہ