مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج نے 2009 میں واقع ہونے والے فتنے کے خلاف عوامی بصیرت آموز تاریخی اتحاد کی سالگرہ کے موقع پر ایک باضابطہ بیان جاری کیا ہے جس میں ایرانی قوم کے دفاع اور کسی بھی قسم کی دشمنی کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔ بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ ایرانی مسلح افواج کی تمام شاخیں ایرانی عوام کے مقدس اتحاد کے وفادار ہیں۔
خطے کی موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے، فوج نے اعلان کیا ہے کہ وہ اب پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط اور ہمہ وقت الرٹ ہے تاکہ بہادر ایرانی قوم کا دفاع کر سکے اور ملک کی جغرافیائی سالمیت، آزادی اور اسلامی نظامِ حکومت کی حفاظت کو یقینی بنا سکے۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ فوج سپریم کمانڈر حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی مدبرانہ قیادت میں کام کرتی ہے اور دشمنوں کے خلاف ایک ناقابلِ تسخیر پہاڑ کی طرح ثابت قدم اور پرعزم کھڑی ہے۔ فوج نے اپنے بیان کے آخر میں دشمنوں کو کڑی وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن کی جانب سے کسی غلطی کا جواب انتہائی سخت اور دندان شکن ردِعمل کی صورت میں دیا جائے گا۔
قبل ازیں ایران کی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف نے بھی ایک علیحدہ بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ ملک یا عوام کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ جنرل اسٹاف نے خبردار کیا کہ دشمن کی جانب سے کسی بھی نئی دشمنی یا مہم جوئی کا مقابلہ پہلے سے کہیں زیادہ سخت اور کاری جواب کے ذریعے کیا جائے گا۔ بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ مسلح افواج کے جاں نثار ارکان، جو کہ پوری طاقت اور تیاری کے ساتھ میدان میں موجود ہیں، قومی سلامتی اور عوامی امن کو برقرار رکھنے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
جنرل اسٹاف کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر دشمنوں نے کسی بھی وقت یا کسی بھی جگہ دوبارہ کوئی دشمنی دکھائی، تو انہیں ایسے پہلے سے کہیں زیادہ مہلک، تباہ کن اور کاری ضرب کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مسلح افواج نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ خطرات کا مقابلہ کرنے اور قوم کا دفاع کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار اور چوکس ہیں۔ یہ بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب خطے کی صورتحال انتہائی حساس ہے اور ایرانی عسکری قیادت اپنی دفاعی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کر رہی ہے۔
آپ کا تبصرہ