مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری ڈاکٹر علی لاریجانی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ دہشت گرد پاکستان اور ایران کے مشترکہ دشمن ہیں اور دونوں ممالک مل کر امن دشمنوں کا مقابلہ کریں گے۔
ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے تنازعات کو ہر ممکن طریقے سے حل کرنے کی کوشش کی جائے گی اور پاکستان ہمارا بہترین دوست اور برادر ملک ہے۔
علی لاریجانی نے دونوں ممالک کے درمیان انٹیلیجنس شئیرنگ اور مکمل تعاون پر زور دیا اور کہا کہ دہشت گرد گروہ خطے میں مختلف مسائل پیدا کرتے ہیں جن کا مشترکہ مقابلہ ضروری ہے۔
انہوں نے پاکستان کی ایران کے لیے سیاسی و سفارتی حمایت پر بھی اظہار تشکر کیا۔
علی لاریجانی نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں مستقل قیام امن کے لیے آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے اور فلسطینی عوام کو نمائندہ حکومت منتخب کرنے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔
سیکرٹری ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل نے کہا کہ امریکی تعلقات اور دیگر عالمی مسائل میں پاکستان کے کردار کا خیرمقدم کریں گے اور خطے میں قیام امن کی ہر کوشش کی حمایت کریں گے۔
آپ کا تبصرہ