مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے نو منتخب سیکریٹری علی لاریجانی اور عراقی قومی سلامتی کے مشیر قاسم الاعرجی نے بغداد میں سیکیورٹی معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر عراقی وزیرِ اعظم محمد شیاع السودانی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر علی لاریجانی نے کہا کہ ہم نے عراق کے ساتھ ایک سیکیورٹی معاہدہ تیار کیا ہے، جو کہ ایک نہایت اہم معاملہ ہے۔ ایران کا نقطہ نظر اور ہمسایہ ممالک سے تعلقات کا طرزِ عمل اس اصول پر قائم ہے کہ ایرانی عوام کی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے، تاہم ہمسایہ ممالک کی سلامتی کو بھی اہمیت حاصل ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران کی سلامتی ہمسایہ ممالک کی سلامتی سے جڑی ہوئی ہے۔ ایران اور عراق کے درمیان قریبی تجارتی تعلقات قائم ہیں، جب کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں بہترین تعاون کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ مارچ 2023 میں ایران اور عراق کے درمیان بغداد میں ایک سیکیورٹی معاہدہ طے پایا تھا، جس کا مقصد باہمی تعاون اور ہماہنگی سے سرحدوں کی حفاظت کو یقینی بنانا تھا۔
اپنے دورے کے دوسرے مرحلے میں علی لاریجانی لبنان بھی جائیں گے۔ اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ ایران اور لبنان کے درمیان گہرے اور وسیع تعلقات موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی لبنان کے حوالے سے پالیسی ہمیشہ واضح رہی ہے اور ہر حال میں لبنان کی قومی یکجہتی کے تحفظ پر زور دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح ایران کو اسرائیلی جارحیت کا سامنا ہے، اسی طرح لبنان بھی اسرائیلی ریاست کے ساتھ سنگین تنازعات میں الجھا ہوا ہے۔
آپ کا تبصرہ