26 جولائی، 2025، 4:01 PM

العدید ائیر بیس پر ایرانی حملے سے امریکہ کو 111 ملین ڈالر کا خسارہ ہوا، نیوز ویک

العدید ائیر بیس پر ایرانی حملے سے امریکہ کو 111 ملین ڈالر کا خسارہ ہوا، نیوز ویک

امریکی جریدے کے مطابق قطر میں ایئربیس پر ایران کے میزائل حملے نے امریکی دفاعی نظام کی خامیوں کو بے نقاب کیا اور خطے میں بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر واشنگٹن نے دفاعی تیاریوں میں اضافہ کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکہ کی جانب سے ایران کی پرامن جوہری تنصیبات پر حملوں کے بعد ایران نے جوابی کاروائی کرتے ہوئے قطر میں واقع امریکی ائیر بیس پر میزائل حملہ کیا۔ صدر ٹرمپ سمیت امریکی حکام نے حملے میں کسی نقصان سے انکار کیا تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ایرانی میزائل حملے میں ہونے والے نقصانات کی تفصیلات سامنے آرہی ہیں۔

امریکی جریدے نیوزویک نے لکھا ہے کہ تہران کے جانب سے قطر میں امریکی فضائی اڈے العدید پر کیے گئے جوابی حملے نے واشنگٹن کے دفاعی نظام کو چین اور شمالی کوریا کی ممکنہ حملوں کے مقابلے کی تیاری کے لیے اہم سبق دیا ہے۔

نیوزویک کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایران کی ایٹمی تنصیبات پر امریکہ کے حملے کے جواب میں ایران نے العدید اڈے پر بلیسٹک میزائل داغے۔ امریکی فوج نے ایران کے 14 بلیسٹک میزائلوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تقریباً 30 پٹریاٹ میزائل داغے، جن کی لاگت 111 ملین ڈالر تھی۔ یہ واقعہ امریکی فوج کی تاریخ کا سب سے بڑا دفاعی آپریشن قرار دیا جارہا ہے۔

ایرانی میزائل حملوں کو روکنے میں ناکامی کے بعد امریکہ عالمی سطح پر درپیش چلینجز کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنی دفاعی صلاحیت میں اضافہ کررہا ہے۔

نیوزویک کے مطابق، چین کا تائیوان پر ممکنہ حملہ، شمالی کوریا کے میزائل ہتھیاروں میں اضافہ اور دونوں ممالک کی متنازعہ فضائی و آبی حدود میں جارحانہ کارروائیاں امریکی حکام کو اپنی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے پر مجبور کر رہی ہیں، جس میں پٹریاٹ دفاعی نظام کی ترقی اور جدید جنگی طیاروں کی تعیناتی شامل ہے۔

امریکی فوج کے چیف آف اسٹاف جنرل ڈین کین نے کہا ہے کہ ایران کے العدید حملے سے قبل زیادہ تر فوجی وہاں سے نکل گئے تھے، اور حملے کے بعد امریکی دفاعی نظام نے ایرانی میزائل مار گرائے، تاہم انہوں نے اصل تعداد خفیہ رکھی۔

ہڈسن انسٹی ٹیوٹ کے سینئر ماہر تیموتھی والٹن نے کہا ہے کہ اس حملے نے امریکی دفاعی عملے کی تیاری کو بہتر بنایا ہے اور امریکی فوج اپنے پٹریاٹ دفاعی نظام کو مزید مضبوط کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

نیوزویک نے مزید کہا ہے کہ ایران کے العدید پر حملے کی خبروں کو کافی توجہ ملی، لیکن امریکہ کی دوسری دفاعی کارروائیاں، جیسے اسرائیل میں دفاعی نظام اور عراق و شام میں میزائل و ڈرون حملوں کے خلاف آپریشنز، زیادہ زیر بحث نہیں آئے۔

نیوزویک نے بتایا کہ امریکہ نے ایران اور یمن کے حوثی باغیوں کے میزائل خطرات کے پیش نظر اسرائیل میں تھاڈ دفاعی نظام نصب کیا ہے، اور بحرالکاہل میں گوام اور جنوبی کوریا میں کم از کم دو تھاڈ یونٹس تعینات کیے گئے ہیں۔

جریدے کے مطابق امریکہ کو خلیج فارس کے خطے میں اپنی کارروائیوں اور یوکرین کو دفاعی امداد فراہم کرنے کے بعد اپنی میزائل ذخائر کی تلافی کرنی ہوگی تاکہ اپنے دفاعی نظام کی کارکردگی کو برقرار رکھا جاسکے۔

News ID 1934509

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha