مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی حکومت نے تہران سمیت مختلف شہروں پر گذشتہ دنوں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کی تفصیلات جاری کی ہیں۔
وزارت صحت کے ایک اعلی عہدیدار کے مطابق، اسرائیل کے حالیہ فضائی حملوں میں ملک بھر میں کم از کم 627 افراد شہید اور 4,870 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ایک بیان میں وزارت صحت کے تعلقات عامہ کے سربراہ حسین کرمانپور نے کہا کہ تہران اور مغربی ایران کا شہر کرمانشاہ سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔
دیگر شدید متاثرہ صوبوں میں خوزستان، لرستان، اصفہان، مرکزی، مشرقی آذربائیجان، ہمدان، زنجان اور گیلان شامل ہیں، جو جانی نقصان کے لحاظ سے تیسرے سے دسویں نمبر پر ہیں۔
کرمانپور کے مطابق، 86.1 فیصد افراد جائے وقوعہ پر ہی شہید ہوئے، جب کہ 13.9 فیصد زخمی اسپتال پہنچنے سے پہلے یا وہاں پہنچ کر دم توڑ گئے۔ یہ اعداد و شمار حملوں کی شدت، دھماکوں، ملبے اور آگ سے ہونے والی تباہی کی سنگینی کو ظاہر کرتے ہیں۔
اسرائیل نے 13 جون کو ایران کے خلاف بلااشتعال حملوں کا آغاز کیا، جس میں پہلے مرحلے میں اعلی فوجی کمانڈروں اور جوہری سائنسدانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کے بعد جوہری، عسکری اور شہری تنصیبات کے ساتھ ساتھ رہائشی عمارتوں پر بھی بمباری کی گئی۔
جواب میں ایرانی مسلح افواج نے میزائل حملوں کا سلسلہ شروع کیا جس میں اسرائیلی تنصیبات کو نشانہ بنایا اور بالآخر 12 روز بعد صہیونی حکومت کو جنگ بندی پر مجبور کردیا۔
آپ کا تبصرہ