مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیرِ خارجہ سید عباس عراقچی اور آذربائیجان کے صدر الهام علی اف نے ملاقات میں تہران اور باکو کے تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی وزیرخارجہ عراقچی مشاورت کے لیے باکو پہنچے جہاں انہوں نے آذربائیجان کے صدر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے سیاسی روابط، ہمسائیگی کے معاملات اور دوطرفہ تعلقات کے انتظامی طریقہ کار پر تفصیلی گفتگو کی۔
عراقچی نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور دونوں ممالک کے تاریخی و ثقافتی رشتوں کو اجاگر کرتے ہوئے ہر شعبے میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پڑوسی ممالک کے درمیان تعلقات میں طویل المدتی وژن اور مسلسل سفارتی مکالمہ نہ صرف غلط فہمیوں کو دور کرنے بلکہ موجودہ مسائل کے حل میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
صدر علی اف نے ایرانی صدر کے حالیہ دورۂ باکو کو تاریخی سنگ میل قرار دیا جس سے باہمی اعتماد اور تعلقات میں نمایاں بہتری آئی۔ انہوں نے صدر پزشکیان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان ایران کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے تمام صلاحیتیں بروئے کار لانے کے لیے تیار ہے۔
علی اف نے اس بات پر اطمینان ظاہر کیا کہ ایران اور آذربائیجان کے تعلقات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے تمام مواقع استعمال کیے جائیں گے۔
آپ کا تبصرہ