مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے ایک خط میں شام کے معاملے پر ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کے الزامات کو سختی سے مسترد کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایروانی نے سلامتی کونسل کے صدر کے نام ایک خط میں ایران پر شام میں مداخلت کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران نے کبھی شام میں عدم استحکام کی پالیسی نہیں اپنائی بلکہ ہمیشہ اس کی خودمختاری اور ارضی سالمیت کی حمایت کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شام میں عدم استحکام کی اصل وجہ امریکہ ہے جو دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نام پر دہشت گرد گروہوں کو مسلح اور اسرائیلی قبضے کی پشت پناہی کررہا ہے۔
خط میں صہیونی حکومت کی جانب سے شام کی خودمختاری کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے سلامتی کونسل سے فوری اور مؤثر اقدام کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
ایروانی نے شام کے جولان کے پہاڑی علاقے پر اسرائیلی قبضے کو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قرارداد 497 کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔
ایرانی مندوب نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حزب اللہ لبنان کو اسلحہ اور مالی امداد فراہم کرنے کے الزام کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف اقوام متحدہ کی قرارداد 1701 کی خلاف ورزی اور لبنان کے ساتھ جنگ بندی کو سبوتاژ کرنے کا بہانہ ہے۔
آپ کا تبصرہ