مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، مسلح افواج کے جنرل اسٹاف نے ایرانی اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی مناسبت سے ایک بیان میں کہا ہے کہ انقلاب اسلامی سے پہلے ایران پر امریکی حمایت یافتہ استکباری نظام رائج تھا۔ اسلامی انقلاب نے ملک سے ظالمانہ استکباری نظام کو جڑ سے اکھاڑ دیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ 11 فروری 1979 وہ تاریخی دن ہے جب عصر حاضر کے سب سے بڑے عوامی انقلاب نے کامیابی حاصل کی۔ اس دن ایران کی بہادر اور باشعور قوم نے عظیم مجاہد اور ظلم کے نظام سے برسرپیکار حضرت امام خمینیؒ کی قیادت میں اسلامی انقلاب کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ اس انقلاب کے نتیجے میں حقیقی اسلام اور خالص اسلامی اقدار کی بنیاد پر ایک ایسا مقدس نظام قائم ہوا جو مظلوموں اور محروموں کے دفاع، انصاف اور مساوات پر استوار ہے۔
اسلامی انقلاب عالمی استکبار کے ظلم، جبر، دھوکہ دہی اور زر پرستی کے خلاف ایک مضبوط دیوار ثابت ہوا۔ اس انقلاب نے ڈھائی ہزار سالہ شاہی آمریت کے سیاہ باب کو ہمیشہ کے لیے بند کردیا اور عالمی سامراج، استعماری قوتوں اور خاص طور پر امریکہ کے مجرمانہ تسلط کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کردیا۔
اس شاندار انقلاب کی 46ویں سالگرہ کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران نے شہداء کے مقدس خون کی برکت سے اور انقلاب کے بانی حضرت امام خمینیؒ کے جانشین، رہبر معظم حضرت آیت اللہ العظمی امام خامنہ ای کی مدبرانہ قیادت میں عالمی استکبار، دشمنوں کی سازشوں، فتنوں اور داخلی خائن عناصر کی ریشہ دوانیوں کا عزت، سربلندی اور فخر کے ساتھ مقابلہ کیا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران آج ترقی، پیشرفت اور کامیابی کی نئی بلندیوں کی جانب گامزن ہے۔
مسلح افواج کا جنرل اسٹاف، اسلامی انقلاب کے بانی حضرت امام خمینیؒ کی عظیم خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے تمام شہداء، مجاہدین اور ان کے اہل خانہ کی قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہے۔ اس موقع پر ایرانی بیدار، باشعور اور انقلابی قوم کو دعوت دی جاتی ہے کہ 11 فروری (22 بہمن) کی ریلیوں میں تاریخی شرکت کرکے انقلاب اسلامی کے اصولوں کی تجدید اور رہبر معظم حضرت آیت اللہ العظمی امام خامنہ ای سے اپنی وفاداری کا عہد کریں۔
آپ کا تبصرہ