مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، حزب اللہ نے صہیونی حکومت کی جانب سے لبنان کی سرزمین سے انخلاء میں تاخیری حربوں پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے
ایک بیان میں حزب اللہ نے کہا ہے کہ لبنان کی سرزمین سے انخلاء کی 60 روزہ مہلت ختم ہورہی ہے۔ اسرائیل کو اس مہلت کے بعد جنگ بندی معاہدے پر مکمل عملدرآمد کرنا ہوگا۔
حزب اللہ نے مزید کہا ہے کہ صہیونی حکومت کی جانب سے لبنان کی سرزمین سے انخلاء میں تاخیر کے پیش نظر لبنان کی حکومت سمیت تمام متعلقہ فریقین کو ان ممالک پر دباؤ ڈالنا ہوگا جو معاہدے کی نگرانی کررہے ہیں۔
حزب اللہ نے زور دیا کہ لبنانی عوام کو جلد از جلد اپنے گھرون میں واپس جانے کی اجازت دی جائے اور اسرائیل کو لبنان پر قبضے کا کوئی موقع نہیں دیا جائے گا۔ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انخلاء نہ ہونے کی صورت میں لبنانی حکومت کو پوری قوت کے ساتھ اس کے خلاف کھڑی ہونا ہوگا۔
دوسری جانب فرانسیسی سفارتی ذرائع کے مطابق صہیونی حکومت نے واشنگٹن سے لبنان کے جنوب سے انخلاء میں ایک ماہ کی تاخیر کی درخواست کی ہے۔ نتن یاہو کابینہ نے امریکی حکومت سے درخواست کی ہے کہ جنوبی لبنان کے 5 علاقوں میں اسرائیلی فوج موجود رہے گی۔
ٹرمپ انتظامیہ اسرائیل پر دباؤ ڈال رہی ہے کہ وہ آئندہ اتوار تک لبنان کی سرحدوں سے پیچھے ہٹ جائے۔
یاد رہے کہ جنگ بندی کے معاہدے کے تحت اسرائیلی فوج کے لیے لبنان کی سرحدوں سے انخلاء کی 60 روزہ مہلت پیر کو ختم ہو رہی ہے۔
آپ کا تبصرہ