مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے حزب اللہ کے میڈیا سیل کے سربراہ محمد عفیف کی شہادت پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ شہید محمد عفیف کی شہادت پر لبنانی عوام اور مقاومت کو تبریک اور تسلیت پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ شہید محمد عفیف نے لبنانی عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے دنیا میں صہیونی حکومت کے مظالم اور نسل پرستی کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی۔
بقائی نے کہا کہ صہیونی حکومت نے گذشتہ ایک سال کے دوران 200 سے زائد صحافیوں اور میڈیا کے نمائندوں کو شہید کیا ہے۔ ان حملوں کا مقصد صہیونی مظالم کے خلاف بلند ہونے والی آوازوں کو دبانا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ جنیوا کنونشن کی روشنی میں شہید محمد عفیف اور دوسرے صحافیوں پر صہیونی حملہ جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔ عالمی عدالت کو ان حملوں میں ملوث صہیونی عناصر کے خلاف ایکشن لینا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ شہید محمد عفیف اور دیگر شہداء کا خون صہیونی حکومت کو دنیا میں مزید رسوا کردے گا اور فلسطین اور لبنان کے عزم میں مزید استحکام آئے گا۔
آپ کا تبصرہ