مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السودانی نے مصر کے شہر العلمین میں اس ملک کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی، جس میں فریقین نے عراق اور مصر کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق کرتے ہوئے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماوں نے غزہ کے عوام پر صیہونی حکومت کے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے ایک ایسی آزاد فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دیا جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو۔
السیسی اور السودانی نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے کی صورت حال کے پیش نظر مصر اور عراق سمیت دیگر دوست اور برادر ممالک کے ساتھ مسلسل ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔
السودانی نے کہا کہ مستحکم عراق خطے کے تمام بھائیوں اور دوستوں کے لیے طاقت کا عنصر ہے۔ عراقی حکومت ملک کے بہترین مفاد میں ترقی کے شعبے میں آگے بڑھ رہی ہے۔
عراق علاقائی اور دوست ممالک کے درمیان ملاقات کا میزبان بن سکتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ عالمی برادری کی خاموشی صیہونی حکومت کو تمام سرخ لکیریں عبور کرنے کی ترغیب دیتی ہے، غزہ میں جنگ بندی کے لیے مصر کی کوششوں کی تعریف کی۔
مصر کے صدر نے عراق کے ساتھ تعلقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں مکمل تعاون میں گہری دلچسپی پر بھی زور دیا۔ السیسی نے خطے اور دنیا کے ممالک کی سطح پر استحکام اور اقتصادی ترقی کے لئے عراقی حکومت کے اقدامات کی تعریف کی۔
آپ کا تبصرہ