مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے طوفان الاقصی کے بعد صہیونی حکومت کو مقاومتی تنظیموں کے ہاتھوں ہونے والی شکستوں کو ناقابل تلافی قرار دیا ہے۔
ایکس پر ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ فلسطین میں حالیہ دنوں میں ہونے والے ہولناک مظالم سے دنیا والوں پر صہیونی حکومت اور اس کے حامی امریکہ اور یورپی ممالک کی حقیقت واضح ہوگئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل اپنی شکست اور ناکامی چھپانے کے لئے نہتے اور بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنارہا ہے تاہم ان مظالم سے صہیونی حکومت کی شکستوں کی تلافی ممکن نہیں ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ صہیونی حکومت کو امریہ اور مغربی ممالک کی براہ راست حمایت حاصل ہے اس کے باوجود اسرائیل اندر سے ختم ہورہا ہے۔ صہیونی حکومت کو سانس لینا بھی مشکل ہورہا ہے۔ عالمی سطح پر اس کے خلاف لوگوں کے غیض و غضب میں بھی شدید اضافہ ہورہا ہے۔ اسرائیلی عوام کے اندر مایوسی اور ناامیدی پھیل رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس جنگ میں کامیابی فلسطینیوں کے قدم چومے گی اور صہیونی مظالم کی طویل رات ختم ہوکر کامیابی کی سحر طلوع ہوگی۔
آپ کا تبصرہ