مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے یورپ میں طلباء کی اسلامی انجمنوں کی 58 ویں نشست کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے جوان طلباء اپنے ایمان اور ذاتی صلاحیت پر اعتماد کرتے ہوئے بڑے مسائل اور امور میں کردار ادا کرسکتے ہیں۔
رہبر معظم کے پیغام کا متن ذیل میں پیش کیا جاتا ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
عزیز طلباء! آپ کی مستحکم اور معروف یونین اور اس کی سرگرمیوں کا تسلسل ایک خوش خبری دینے والی حقیقت ہے۔ یہ اجتماعی موجودگي، اپنے اندازے کے مطابق، دنیا کے موجودہ پیچیدہ مسائل میں اپنا کردار ادا کر سکتی ہے۔بڑے مسائل پر اثر انداز ہونا، کسی بھی طرح کی تعداد سے زیادہ، سرگرم افراد کے جذبے، ایمان اور خود اعتمادی پر منحصر ہوتا ہے اور بحمد اللہ یہ گرانقدر سرمایہ آپ مومن اور انقلابی ایرانی جوانوں میں موجود اور قابل مشاہدہ ہے۔
آپ اہم مسائل اور نئے پرانے زخموں کو پہچانتے ہیں۔ ان میں سب سے تازہ مسئلہ، غزہ کا لاثانی المیہ ہے، ان میں سب سے نمایاں مسئلہ، مغرب، مغربی سیاستدانوں اور مغربی تمدن کی اخلاقی، سیاسی اور سماجی شکست ہے، ان میں سب سے عبرت آمیز مسئلہ، اظہار رائے کی آزادی کو یقینی بنانے میں لبرل ڈیموکریسی اور اس کے دعویداروں کی ناتوانی اور معاشی و سماجی انصاف کے سلسلے میں ان کی مرگ بار خاموشی ہے جبکہ یورپ اور امریکا میں عوامی احتجاج بالخصوص اسٹوڈنٹس کے احتجاج کی مدھم لیکن امید افزا روشنی کی کرن، اس وقت کے اہم تغیرات میں سے ایک ہے۔ مغربی ایشیا کے علاقے اور ہمارے وطن عزیز کو متعدد چھوٹے بڑے مسائل کا سامنا ہے۔
یہ ساری چیزیں آپ کی یونین جیسے مبارک پلیٹ فارمز کے لیے سوچنے، کام کرنے اور جدت عمل کا میدان ہیں۔ میں خداوند عزیز و حکیم سے آپ کے لیے توفیقات کی دعا کرتا ہوں۔
سید علی خامنہ ای
5 جولائی 2024
آپ کا تبصرہ