مہر خبررساں ایجنسی نے فلسطینی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ جہاد اسلامی کے سیکریٹری جنرل زیاد النخالہ نے بیروت میں آزادگان کا انتقام کے عنوان سے ہونے والی تقریب کے دوران کہا ہے کہ فلسطینیوں کی مقاومت اور پائداری کے بارے میں صہیونی توہمات کا شکار ہیں۔ فلسطینی شہداء نے دشمن کی طاقت اور ظلم و جبر کی پروا کئے بغیر جہاد کی راہ میں اپنی جان قربان کردی۔ ہم بھی اس سلسلے میں کوشش سے ایک لمحہ خاموش نہیں بیٹھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے شہداء کے انتقام لینے کے حوالے سے اہم کامیابیاں حاصل کیں اور شہید دینے کے باوجود اپنا سفر جاری رکھا۔ ہم نے مسلسل میدان نبرد میں حاضر رہ کر دشمن پر ثابت کردیا کہ فلسطینی قوم اپنے دفاع کے لئے سنجیدہ ہے۔ صہیونی دشمن سمجھ چکے ہیں کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں دندان شکن جواب کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے صہیونی حکومت کو انتباہ کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں کسی بھی جارحانہ کاروائی کی صورت میں فلسطینی مقاومت خاموش نہیں بیٹھے گی اور تل ابیب سمیت اہم صہیونی شہروں کو حملوں کا نشانہ بنائے گی۔ انہوں نے صہیونی فورسز کے ہاتھوں مقاومتی کمانڈروں اور عام شہریوں کی شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم دشمن کے ساتھ جنگ اور سیاست دونوں میدانوں میں نبرد آزما ہیں۔ ہم نے دونوں میدانوں میں دشمن کے ساتھ خوب مقابلہ کیا اور اپنی شرائط پر دشمن کو جنگ بندی پر مجبور کیا۔
انہوں نے وحدت اور انسجام کو کامیابی کا راز قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام نے ہر مرحلے پر دشمن کے سامنے اتحاد و ہمدلی کا مظاہرہ کیا۔ ہمارے حقیقی رہنما ہمارے شہداء ہیں۔ شہداء کی قیادت میں ہم کبھی شکست کا سامنا نہیں کریں گے۔
آپ کا تبصرہ