مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے آج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران بھی اپنے سفارت خانے اور قونصل خانے کھولنے کے حوالے سے پیشرفت کی خاطر اپنا وفد جلد سعودی عرب بھیجے گا۔ دونوں ممالک بنیادی اور تیکنیکی امور کو انجام دینے کے بعد سفیر تعیینات کریں گے۔
انہوں نے دونوں ممالک کے تعلقات کی بحالی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان روابط بڑھنے سے پورے خطے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ مشرق وسطی میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے کے علاوہ اقتصادی اور تجارتی ترقی ہوگی۔
کنعانی نے ایران اور بحرین کے درمیان سفارتی تعلقات کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی فضا قائم ہورہی ہے۔ دوطرفہ روابط کا نیا دور جلد شروع ہوگا۔ اس سلسلے میں ایران کے دو سفارتی اور پارلیمانی وفود نے بحرین کا دورہ کرکے سفارتی تعلقات کے حوالے سے درپیش صورتحال کا جائزہ لیا۔ بحرین کی طرف سے ملنے والا مثبت جواب ہمارے لئے حوصلہ افزا ہے۔
ترجمان نے عرب امارات کے روابط پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ تہران میں متحدہ عرب امارات کا سفارت خانہ کھلنے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات مزید بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ خطے کے ممالک مخصوصا ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی بحالی سے خطے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور بین الاقوامی سطح پر استقبال کیا گیا ہے۔
حالیہ مذاکرات میں چین کی ثالثی کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اس سے پہلے بغداد اور عمان میں بھی مذاکرات ہوئے تھے۔ چین نے نیک نیتی سے دونوں ممالک کے ساتھ اپنے دوستانہ روابط کو استعمال کرتے ہوئے اہم کردار ادا کیا۔ ایران اور سعودی عرب دونوں چین کے کردار کو قابل تحسین سمجھتے ہیں۔ اس معاہدے سے ایران اور سعودی عرب کے علاوہ چین سمیت خطے کے تمام ممالک فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔
آپ کا تبصرہ