مہدوی اجتماعات اور محافل جشن کے عوامی رضاکارنہ مرکز کے انچارج میثم غفوری نے مہر کے نامہ نگار سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مہدوی اجتماعات کا عوامی رضاکارنہ مرکز مہدوی تہذیب کی ترویج کے مقصد کے تحت گزشتہ دس سالوں سے نیمہ شعبان کے ایام کے دوران زائرین اور عاشقان مہدوی کو خدمات فراہم کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے 20 صوبوں سے 313 مختلف عوامی تنظیمیں نیمہ شعبان کے دوران پیغمبر اعظم ﴿ص﴾ بلیوارڈ پر موکب لگائیں گی اور زائرین کو خدمات فراہم کریں گی جبکہ بہت سے غیر ملکی بھی اپنے موکب اور اسٹالز لگا رہے ہیں۔
میثم غفوری نے مزید کہا کہ اس سال کے پروگراموں میں اہم بات یہ ہے کہ سرکاری گورننگ باڈیز ان تقریبات کے انعقاد کو قومی بنیادوں پر دیکھ رہی ہیں اور مسجد جمکران کی انتظامیہ بھی ملکی سطح پر اقدامات کے لیے ضروری فالو اپ کر رہی ہے۔ لہذا توقع ہے کہ تمام قومی ادارے قم میں نیمہ شعبان کی تقریبات کے بہتر سے بہتر اور شاندار انعقاد کے لیے اقدام کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سال نیمہ شعبان میں لاکھوں زائرین کی متوقع شرکت کے لیے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں، قم کا میونسپل ادارہ گاڑیوں کے لیے پارکینگ تیار کر رہا ہے اور حضرت پیغمبر اعظم(ص) بلیوارڈ پر ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں جن میں روڈ کی نئے سرے کارپیٹنگ اور ایک نئے راستے کی تیاری شامل ہیں.
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جہاں زائرین کے لیے کھانے پینے کا وسیع بندوبست کیا جا رہا ہے وہیں حضرت فاطمہ معصومہ کے حرم مطہر سے مسجد جمکران تک کے پیدل راستے میں مختلف ثقافتی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی بھی کی گئی ہے۔
عوامی رضاکارانہ سرگرمیوں کے انچارج نے کہا کہ حرم مطہر سے مسجد جمکران تک کے راستے میں تقریباً 2 ہزار بوتھ اور اسٹالز لگائے جائیں گے، ان میں سے 500 ثقافتی بوتھ اور اسٹالز ہوں گے جبکہ مقاومتی محاذ کے بوتھ بھی لگائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ زائرین کی رہائشی سہولیات کے مزید اقدامات کی ضرورت ہے جس کے لیے عوامی رہائشی مراکز قائم کرنے ضرورت ہے اور محکمہ اوقاف، مساجد اور امام بارگاہوں کو مزید بڑھ چڑھ کر شامل ہونے کی ضرورت ہے۔
آپ کا تبصرہ