مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے اور پاکستان ، دشمن کےعزائم کو حکمت عملی کے ذریعہ ناکام بنانے کا پختہ عزم رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں آٹھویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے ملاقات کی جس میں معاشرے کے مختلف شعبوں و طبقات سے وابستہ لوگوں نے شرکت کی۔ ملاقات یکم سے27 نومبر تک کوئٹہ میں منعقد ہونے والی ورکشاپ کا حصہ ہے۔
اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ محنت سے حاصل ہونے والے امن کی ہر قیمت پر حفاظت کی جائے گی۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کے امن اور استحکام کے لیے دشمن کے مذموم عزائم کو جامع حکمت عملی کے ذریعے ناکام بنایا جا رہا ہے۔پاکستان کو درپیش اندرونی اور بیرونی چیلنجز ایک جامع قومی ردعمل کا تقاضا کرتے ہیں، ہم اپنی سرحد اور داخلی سلامتی کو یقینی بناتے رہیں گے جو کہ قومی ترقی کے لیے بہت ضروری ہے۔
آپ کا تبصرہ