مہر خبررساں ایجنسی نے افغان ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ عالمی ادارہ صحت " ڈبلیو ایچ او" کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس گیبریس نے افغان دارالحکومت کابل میں طالبان کے عبوری وزیراعظم ملا حسن اخوندزادہ سے ملاقات اور گفتگو کی۔ اطلاعات کے مطابق ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس گیبریس انتہائی اہم دورے پر کابل پہنچے ہیں جہاں انھوں نے طالبان کے عبوری وزیر اعظم ملا حسن اخوند زادہ اور قائم مقام وزیر خارجہ ملا متقی سمیت اہم رہنماؤں سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران افغانستان میں انسانی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے عالمی اداروں اور دیگر ممالک سے دی جانے والی امداد کی حکومت کو فراہمی اور اس کی عوام میں منصفانہ تقسیم کے طریقہ کار پر غور کیا گیا۔
طالبان کے عبوری وزیراعظم حسن اخوندزادہ نے اس اہم ملاقات میں افغانستان کے لیے مختص کیے گئے منجمد فنڈز کی بحالی کا مطالبہ بھی کیا جو افغانستان میں ترقیاتی کاموں اور انسانی بحران سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔
اس موقع پر ڈی جی ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت جنگ زدہ ملک میں انسانی تباہی کو روکنے کے لیے اپنی امداد بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انھوں نے طالبان قیادت سے امدادی کارکنان کے تحفظ اور رکاوٹوں کو دور کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
آپ کا تبصرہ