مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں حامد کرزئی ائیرپورٹ پر بھگدڑ مچنے کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق کابل کے حامد کرزئی ائیرپورٹ پر اب بھی ہزاروں کی تعداد میں افراد جمع ہیں جو ملک چھوڑکر بیرون ملک جانا چاہتے ہیں، طالبان کے کنٹرول کے بعد سے کابل ائیرپورٹ امریکی افواج کے کنٹرول میں ہے جہاں افرا تفری کا عالم ہے، ہر شخص چاہتا ہے کہ وہ جلد از جلد طیارے میں سوار ہوکر بیرون ملک چلاجائے۔
برطانوی وزارت دفاع نے بھی کابل ائیرپورٹ پر افراتفری اور بھگڈر کے نتیجے میں 7 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بیان میں کہا کہ ہماری ہمدردیاں اور دعائیں ان 7 افغان خاندانوں کے لیے ہیں جنہوں نے بھگڈر کے دوران اپنے پیاروں کو کھودیا، دوسری جانب ائیرپورٹ پر صورتحال انتہائی خراب ہے تاہم سیکیورٹی صورتحال پر قابو پانے کے لیے پوری کوششیں کی جارہی ہیں۔ ادھر طالبان کا کہنا ہے کہ کابل ايئر پورٹ پر ہونے والے واقعات کی ذمہ داری امریکہ پر عائد ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بھی کابل کے حامد کرزئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر امریکی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔
آپ کا تبصرہ