مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ میں عالمی میڈیا کی بلند عمارت پر بمباری کرکے تباہ کردیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق اس عمارت میں الجزیرہ اور ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) سمیت دیگر بین الاقوامی میڈیا کے دفاتر بھی تباہ ہوگئے جو اسرائیلی فوج کی غزہ میں میڈیا کو خاموش کرنےکی بدترین کوشش ہے۔
ذرائع کے مطابق الجلا ٹاور کے مالک نے میڈیا کو اسرائیلی حملے کے حوالے سے پہلے ہی خبردار کردیا تھا اور عمارت کو خالی کردیا گیا تھا۔ الجزیرہ میں جاری کی گئیں ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 12 منزلہ عمارت کارروائی کے بعد لمحوں میں تباہ ہورہی ہے اور آسمان کی جانب دھواں بلند ہورہا ہے۔
ویڈیو بنانے والی خاتون نے آگاہ کیا کہ 'ٹاور گر چکا ہے، آپ جب صحافیوں کو غزہ سے رپورٹنگ کرتے ہوئے دیکھتے ہیں تو وہ اکثر اس عمارت کی چھت پر کھڑے ہوکر رپورٹ کرتے تھے لیکن اب اسرائیلی فوج نے کارروائی کرکے اس عمارت کو تباہ کردیا ہے۔
الجزیرہ کی اینکر نے جذباتی انداز میں کہا کہ 'یہ چینل خاموش نہیں ہوگا، الجزیرہ خاموش نہیں ہوگا، ہم اس کی ابھی ضمانت دیتے ہیں'۔ مذکورہ عمارت میں میڈیا کے علاوہ دیگر شعبوں کے دفاتر بھی قائم تھے اور کئی اپارٹمنٹس پر مشتمل تھی۔
فلسطینی حکام کے مطابق غزہ پر اسرائیل کے فضائی اور میزائل حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد139 ہو گئی ہے، شہدا میں 39 بچے اور 22 خواتین بھی شامل ہیں ۔ اسرائیلی فوج نے غزہ پر تازہ فضائی حملے کئے ہیں جس میں ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔غزہ سے فلسطینی تنظیم حماس کے راکٹ حملوں میں اب تک 9 اسرائیلی ہلاک اور 130 زخمی ہو چکے ہیں۔ ادھر یافا علاقہ میں یہودی آبادکاروں نے ایک فلسطینی کے گھر کو آگ لگا دی ہے۔ فلسطینی تنظیم حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کہا ہے کہ مغربی پٹی میں 10 فلسطین شہید ہوگئے ہیں جس کے جواب میں قسام بریگیڈ نے مقبوضہ علاقہ بئر السبع پر راکٹ داغے ہیں۔ غزہ پر اسرائیل کی مجرمانہ اور ظالمانہ بمباری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا ہے۔ اسرائیلی جنگی طیاروں کی بمباری میں غزہ کے شمال میں واقع مسجد قلیبو مکمل طور پر شہید ہوگئی ہے اور اس کے اطراف میں شہری مکانات کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
آپ کا تبصرہ