مہر خبررساں ایجنسی نے ڈیلی پاکستان کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے صدر ممنون حسین برطانیہ پہنچ گئے ہیں جہاں وہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی عیادت کریں گے مگر لندن پہنچنے پر صحافی نے جب ان سے پانامہ بارے سوال پوچھا تو ایسا جواب دیدیا کہ جس کی بنا پر سزا یافتہ سابق وزير اعظم نواز شریف اڈیالہ جیل میں تڑپ اٹھیں گے۔ صدر ممنون حسین پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 786 کے ذریعے لندن پہنچے جہاں ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ پانامہ کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے۔ صدر ممنون حسین نے جواب دیا کہ میں ہمیشہ سے احتساب کا قائل رہا ہوں، پاکستان میں جو بدعنوانی ہوئی ہے، یہ اللہ کا قانون ہے کہ آدمی کچھ دن بچتا ہے اور پھر پکڑا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ سزا یافتہ سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز شریف اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کو ایون فیلڈ ریفرنس میں قید کی سزا سنائی گئی تھی جس کے بعد تینوں افراد اڈیالہ جیل میں اپنی سزا کاٹ رہے ہیں۔
پاکستان کے صدر ممنون حسین نے پانامہ لیکس کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں ہمیشہ سے احتساب کا قائل رہا ہوں، پاکستان میں جو بدعنوانی ہوئی ہے، یہ اللہ کا قانون ہے کہ آدمی کچھ دن بچتا ہے اور پھر پکڑا جاتا ہے۔
News ID 1883360
آپ کا تبصرہ