مہر خبررساں ایجنسی نے ایکسپریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی پاکستانی سپریم کورٹ کی طرف سے نااہلی کے حکم کے بعد مسلم لیگ نون نے شاہد خاقان عباسی کو عارضی طور پر وزیر اعظم بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے مشاورتی اجلاس میں شہباز شریف کے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے تک شاہد خاقان عباسی کو عارضی طور پر وزیر اعظم بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کا مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں شہباز شریف کے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے تک عبوری مدت کے وزیراعظم کے لیے شاہد خاقان عباسی اور خواجہ آصف کا نام پیش کیا گیا۔ اجلاس میں شاہد خاقان عباسی کے نام پر حتمی طور پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔ نواز شریف گزشتہ روز ہی شہباز شریف کو ملک کا آئندہ وزیر اعظم بنانے کا عندیہ دے چکے ہیں، شہبازشریف کو نوازشریف کی نااہلی سے خالی ہونے والی نشست این اے 120 سے الیکشن لڑوا کرمنتخب کرایا جائے گا جب کہ وزیراعلی پنجاب کے عہدے کی سپردگی کے حوالے سے بھی اجلاس میں غور کیا جائے گا ۔ عدالت سے سزا یافتہ کوئی شخص پارٹی عہدہ نہیں رکھ سکتا اس لیے نواز شریف وزارت عظمیٰ کے ساتھ پارٹی کی صدارت سے بھی فارغ ہوگئے ہیں، مسلم لیگ ن کی صدارت کے لئے جلد پارٹی کی جنرل کونسل کا اجلاس طلب کیا جائے گا۔ پارٹی کے جنرل کونسل اجلاس میں شہباز شریف کو نیا صدر نامزد کردیا جائے گا۔ شہبازشریف کی بطور پارٹی صدر تقرری کے بعد الیکشن کمیشن کو آگاہ کردیا جائے گا۔
پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی پاکستانی سپریم کورٹ کی طرف سے نااہلی کے حکم کے بعد مسلم لیگ نون نے شاہد خاقان عباسی کو عارضی طور پر وزیر اعظم بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔
News ID 1874197
آپ کا تبصرہ