مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ شمالی کوریا نے درمیانے درجے تک مار کرنے والے میزائل کے یکے بعد دیگرے 2 تجربات کئے ہیں جس کی جنوبی کوریا اور امریکہ نے شدید مذمت کی ہے۔اطلاعات کے مطابق جنوبی کوریا کے وزارت دفاع کے حکام کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے درمیانے درجے تک مار کرنے والے موسوڈان میزائل کے یکے بعد دیگرے 2 تجربات کئے ہیں، دونوں میزائل تجربات مشرقی ساحل کے قریب کئے گئے۔ جنوبی کوریا کے حکام کے مطابق پہلا میزائل تجربہ ناکام رہا اور میزائل صرف 150 کلومیٹر تک ہی جا سکا جب کہ دوسرا میزائل 400 کلو میٹر تک گیا تاہم یہ پتہ نہیں چل سکا کہ یہ تجربہ کامیاب رہا یا ناکام۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں میزائل امریکی بیس گوام تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے شمالی کوریا کی جانب سے میزائل تجربات کی تصدیق کرتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ واضح رہے کہ شمالی کوریا نے پہلی مرتبہ خود ساختہ تیار کردہ موسوڈان میزایل کا تجربہ 2010 میں فوجی پریڈ کے موقع پر کیا تھا، ایک اندازے کے مطابق موسوڈان میزائل 2500 سے 4 ہزار کلو میٹر تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ موسوڈان کا چھوٹا میزائل پورے چاپان اور جنوبی کوریا میں اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے جب کہ اس کا زیادہ فاصلے تک مار کرنے والا میزائل امریکی اڈے گوام تک ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
شمالی کوریا نے درمیانے درجے تک مار کرنے والے میزائل کے یکے بعد دیگرے 2 تجربات کئے ہیں جس کی جنوبی کوریا اور امریکہ نے شدید مذمت کی ہے۔
News ID 1864925
آپ کا تبصرہ