مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران کے سابق وزیر خارجہ اور مجمع تشخيص مصلحت نظام کے اسٹراٹیجک سینٹر کے سربراہ ڈاکٹر علی اکبر ولایتی آجکل ماسکو کے دورے پر ہیں جہاں انھوں نے آج روس کے صدر ولادیمیر پوتین کے ساتھ دو طرفہ تعلقات، علاقائي اور عالمی امور پر تبادلہ خیال اور گفتگو کی۔ روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے ڈاکٹر علی اکبر ولایتی سے ماسکو میں ملاقات کے دوران ایران اور روس کے تعلقات کو اسٹراٹیجک قراردیتے ہوئے تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے پر تاکید کی ہے۔ روسی صدر نے ایران اور روس کے بڑھتے ہوئے روابط پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روس تمام شعبوں میں ایران کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے اور دونوں ممالک کو اپنی اپنی ظرفیتوں سے بھر پور استفادہ کرنا چاہیے۔
اس ملاقات میں ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے رہبر معظم انقلاب اسلامی کی طرف سے مشرقی ممالک کے ساتھ تعلقات کی اہمیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ روس اور ایران کے اسٹراٹیجک تعلقات کی بدولت خطے میں پائدار امن اور ثبات قائم ہوسکتا ہے اور دونوں ممالک عالمی اور علاقائی سطح پر امن و صلح کے سلسلے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ ڈاکٹر علی اکبر ولایتی ، روس کے اسٹراٹیجک ریسرچ سینٹرکی دعوت پر ماسکو کے دورے پر ہیں۔
آپ کا تبصرہ