مہرخبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کی سیاسی جماعت متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما رشید گوڈیل کی گاڑی پرمسلح دہشت گردوں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں رشید گوڈیل زخمی اور ان کا ڈرائیور ہلاک ہوگیا ہے۔ ایس ایس پی کراچی شرقی جاوید جسکانی کے مطابق رشید گوڈیل گاڑی پر اپنی اہلیہ کے ہمراہ بہادر آباد میں اپنے عزیزوں سے ملاقات کے بعد واپس جارہے تھے کہ 4 موٹر سائیکلوں پر سوار 9 مسلح دہشت گردوں نے ان کی گاڑی کو روکا اور پھر شناخت کے بعد پہلے ڈرائیور کے سر پر گولی ماری جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا، جس کے بعد رشید گوڈیل کو نشانہ بنایا گیا۔ موقعے پر موجود ایک شخص کی اطلاع پر ریسکیو حکام فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور رشید گوڈیل کو نجی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
نجی اسپتال کے ترجمان کے مطابق رشید گوڈیل کو جبڑے، گردن اور سینے پر 6 گولیاں لگیں، ماہر ڈاکٹروں نے آپریشن کرکے ان کے جسم سے گولیاں نکال لی ہیں اور انہیں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں منتقل کردیا گیا ہے تاہم ان کی حالت انتہائی نازک ہے ۔ سینے میں لگنے والی گولی سے ان کا ایک پھیپھڑا شدید متاثر ہوا ہے جس کی وجہ سے انہیں مصنوعی طریقے سے سانس دیا جارہا ہے اور ان کی زندگی کے لئے آئندہ 48 گھنٹے انتہائی اہم ہیں۔ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ رشید گوڈیل پر فائرنگ کے لئے نائن ایم ایم پستول کا استعمال کیا گیا ہے، گولیوں کے خول سمیت دیگر شواہد اکٹھے کرلئے گئے ہیں۔
آپ کا تبصرہ