مہر خبررساں ایجنسی نے شینہوا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ترکی کے شہراستنبول میں سلطان علاقہ میں بم دھماکے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ امریکی قونصل خانے پر 2 حملہ آوروں نے فائرنگ بھی کی ہے۔ تاہم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جب کہ سکیورٹی فورسز نے خاتون حملہ آور کو گرفتار کرلیا۔
اطلاعات کے مطابق 2 حملہ آوروں نے استنبول میں واقع امریکی قونصل خانے پر فائرنگ شروع کردی جس کے بعد سکیورٹی پر مامور اہلکاروں نے پوزیشن سنبھالتے ہوئے جوابی فائرنگ کی جس پر خاتون حملہ آور قریبی عمارت میں داخل ہوگئی جب کہ فائرنگ کرنے والا مرد جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا۔ حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران اہلکاروں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والی خاتون حملہ آور کو حراست میں لے لیا جب کہ اس کے ساتھی کی تلاش کے لئے ناکہ بندی کرتے ہوئے تلاش شروع کردی گئی ہے۔
امریکی قونصل خانے پر فائرنگ کا واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا کہ جب ترک حکومت اور کردستان ورکرز پارٹی کے درمیان تنازعات شدت اختیارکررہے ہیں اورداعش دہشت گرد تنظیم ے خلاف بھی ترکی اہم کردارادا کررہا ہے جب کہ امریکی قونصل خانے پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری کسی گروہ یا فرد نے قبول نہیں کی۔
ترکی میں گذشتہ بارہ گھنٹوں میں دہشت گردی کے متعدد واقعات ہوئے ہیں جن میں 3 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ترکی کی حکومت امریکی سرپرستی میں دہشت گرد تنظیموں کو تشکیل دیتی اور پھر امریکہ کی مرضی کے مطابق انھیں تباہ و برباد کرنے کے سلسلے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
آپ کا تبصرہ