مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مشہد مقدس میں امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر میں وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کی زیر صدارت امام رضاؑ ورکنگ گروپ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں غیر ملکی زائرین کے لیے مشہد کے سفر کو آسان بنانے سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیر اقتصادی امور، وزیر سڑک و شہری ترقی، وزیر ثقافتی ورثہ، دستکاری و سیاحت، وزیر مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی، مرکزی بینک کے گورنر، آستان قدس رضوی کے متولی اور خراسان رضوی کے گورنر سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران غیر ملکی زائرین کے مشہد سفر کو سہل بنانے کے لیے 9 منصوبوں کی منظوری دی گئی۔
وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے امام رضاؑ ورکنگ گروپ کی تشکیل کے بارے میں بتایا کہ یہ گروپ شہید ڈاکٹر حسین امیرعبداللہیان کے دور وزارت خارجہ میں وزارت خارجہ اور آستان قدس رضوی کے درمیان قائم کیا گیا تھا، جس کا مقصد آستان قدس رضوی سے متعلق بین الاقوامی امور کو آگے بڑھانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ورکنگ گروپ وزارت خارجہ اور آستان قدس رضوی کے درمیان تشکیل دیا گیا ہے اور ضرورت کے مطابق مختلف موضوعات پر دیگر وزارتوں اور متعلقہ اداروں کو بھی اجلاس میں مدعو کیا جاتا ہے۔
عراقچی کے مطابق اس طریقہ کار کا مقصد مختلف سرکاری اداروں اور آستان قدس رضوی کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا اور امام رضا علیہ السلام کی زیارت کے لیے ایران آنے والے غیر ملکی زائرین سے متعلق امور کو زیادہ مؤثر انداز میں آگے بڑھانا ہے۔
آپ کا تبصرہ