مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ملک کی سب سے بڑی ضرورت "مضبوط ایران" کی تعمیر ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے ولایت فقیہ کے محور پر قومی اتحاد ناگزیر ہے۔
تفصیلات کے مطابق، محمد باقر قالیباف نے پارلیمنٹ کی رابطہ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پہلے سے کہیں زیادہ ایک مضبوط ایران کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔ اگر گزشتہ چار یا پانچ برس، خصوصاً شہید جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کے بعد کے دور کا جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ وہ بھی ہمیشہ "مضبوط ایران" پر زور دیتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ رہبر انقلاب کی قیادت میں انقلاب اسلامی کے دوسرے مرحلے میں ملک کو مضبوط بنانے پر پوری توجہ مرکوز رکھنی ہوگی۔ اس مضبوطی کی بنیادی شرط ولایت فقیہ کے محور پر اتحاد ہے، اور حکام کی اولین ذمہ داری یہ ہے کہ وہ ولایتِ فقیہ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
قالیباف نے مزید کہا کہ اگر مضبوط ایران کی تشکیل مطلوب ہے تو ہر فرد، ہر خاندان اور پوری قوم کو مضبوط بنانا ہوگا، تاکہ آخرکار اسلامی انقلاب اور ایران مزید طاقتور بن سکے۔
انہوں نے حالیہ جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ایران اس جنگ میں کامیاب رہا، لیکن اس کامیابی کو برقرار رکھنا اور اسے مستحکم کرنا ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے عوام میں مستقبل کے حوالے سے امید، روشن قومی وژن اور اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینا ہوگا۔
اسپیکر پارلیمنٹ نے کہا کہ اگر ایران اپنی عسکری کامیابی کو سیاسی اور قانونی میدان میں بھی تسلیم نہ کرا سکا اور دنیا اس حقیقت کو قبول نہ کرے، تو اس کامیابی کے ثمرات سے مکمل طور پر فائدہ اٹھانا ممکن نہیں ہوگا۔
آپ کا تبصرہ