مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمن کی انصار اللہ تحریک کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے اپنے خطاب میں کہا کہ امت مسلمہ امریکہ اور اسرائیل جیسے "سردار کفر" کے مقابلے میں ایمان، قرآن کی روشنی اور امام حسین کے راستے سے قوت حاصل کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام اور پوری امت کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کے جرائم اس بات کا ثبوت ہیں کہ یہ دونوں انسانیت کے لیے مطلق شر ہیں، اور ان سے نجات کا واحد راستہ ان کے خلاف جدوجہد ہے۔
عبدالملک الحوثی نے کہا کہ یمنی قوم آزادی، قرآنی اصولوں اور خصوصاً فلسطین کے مسئلے پر اپنے موقف پر قائم رہے گی۔
ایران کی کامیابی پوری مزاحمتی بلاک کی کامیابی
انصار اللہ کے سربراہ نے کہا کہ ہم اسلامی جمہوریہ ایران کو امت مسلمہ کے دشمنوں کے مقابلے میں حاصل ہونے والی عظیم کامیابی پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ یہ پوری مزاحمتی بلاک کے لیے ایک بڑی اور اہم فتح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یمن مسلسل اپنے اتحادیوں کے ساتھ رابطے میں ہے اور غزہ سمیت کسی بھی نئی جارحیت کا مقابلہ کرنے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔
صومالی لینڈ میں اسرائیلی سرگرمیوں پر نظر
عبدالملک الحوثی نے کہا کہ انصار اللہ صومالی لینڈ میں اسرائیلی سرگرمیوں اور خلیج عدن و باب المندب پر کنٹرول حاصل کرنے کی کوششوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے بحیرۂ احمر سے متصل ممالک سے اپیل کی کہ وہ اسرائیلی سرگرمیوں کے خلاف مشترکہ موقف اختیار کریں۔
الحوثی نے کہا کہ ہم اس معاملے پر کبھی خاموش نہیں رہیں گے اور ضرورت پڑنے پر اسرائیلی سرگرمیوں کو نشانہ بنانے کے لیے خود اقدام کریں گے۔
انہوں نے صومالیہ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی مداخلت صومالیہ کی خودمختاری کی خلاف ورزی اور پورے خطے کے لیے خطرہ ہے۔
امریکہ اور سعودی عرب کے خلاف موقف
انصار اللہ کے سربراہ نے کہا کہ یمن امریکہ اور سعودی عرب کی جارحیت، محاصرے اور قبضے کو کبھی قبول نہیں کرے گا اور آزادی و خودمختاری کے حصول کے لیے تمام جائز ذرائع استعمال کرے گا۔
انہوں نے یمن میں عوامی بسیج اور قبائلی شرکت کو سراہتے ہوئے قومی اتحاد کو مزید مضبوط بنانے اور فوجی تربیت کے فروغ پر زور دیا۔
آپ کا تبصرہ