مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی جوہری ماہرین نے مقبوضہ فلسطین کے جنوبی علاقے میں واقع دیمونا ایٹمی ری ایکٹر کی فرسودگی اور اس کی عملیاتی عمر ختم ہونے کے قریب پہنچنے پر تشویش ظاہر کی ہے۔ یہ صورت حال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب صیہونی حکومت اس ری ایکٹر کو 2040 تک فعال رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
یہ انتباہ فیڈریشن آف امریکن سائنٹسٹس کے جوہری معلومات کے منصوبے سے وابستہ محققین کی تازہ تحقیق میں سامنے آیا ہے، جو رواں ماہ 10 نومبر کو جریدے ’’بُلٹن آف دی اٹامک سائنٹسٹس‘‘ میں ’’2026 میں اسرائیل کے جوہری ہتھیار‘‘ کے عنوان سے شائع ہوئی۔
یہ رپورٹ سیٹلائٹ تصاویر کے تجزیے، فوجی اور جوہری تنصیبات کے جائزے، سرکاری دستاویزات اور قابلِ انشقاق مواد اور ہتھیاروں کے نظام سے متعلق تخمینوں کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے۔ رپورٹ میں صیہونی حکومت کے جوہری وار ہیڈز کی تعداد تقریباً 90 بتائی گئی ہے۔
محققین نے بتایا ہے کہ دیمونا ری ایکٹر اپنی عملیاتی عمر کے اختتام کے قریب پہنچ چکا ہے اور اس کے پریشر ویسل، جو ری ایکٹر کا ایک بنیادی حصہ ہے اور ایلومینیم سے بنا ہوا ہے، کی حالت مسلسل خراب ہو رہی ہے۔
ماہرین کی بنیادی تشویش یہ ہے کہ ری ایکٹر کی عملیاتی عمر بڑھانے کے منصوبوں کے تحت اس حصے کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ اس مسئلے کے باعث اس تنصیب کی سرگرمیاں جاری رکھنے میں سنگین تکنیکی رکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں۔
اس کے باوجود صیہونی حکام دیمونا ری ایکٹر کو 2040 تک فعال رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں، تاہم یہ واضح نہیں کہ وہ موجودہ تکنیکی مسائل کو کس طرح حل کریں گے۔
ماہرین نے زور دیا ہے کہ بالآخر اس ری ایکٹر کی جگہ نیا ری ایکٹر لگانا ضروری ہوگا، لیکن صیہونی حکومت کی جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے میں عدم شمولیت اور جوہری ٹیکنالوجی کی برآمد پر عائد بین الاقوامی پابندیاں اس حکومت کے لیے دوسرے ممالک سے متبادل ری ایکٹر حاصل کرنے میں رکاوٹ بن سکتی ہیں۔
سیٹلائٹ تصاویر سے دیمونا کے جوہری کمپلیکس میں گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران تعمیراتی سرگرمیوں کے سب سے بڑے سلسلے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ یہ سرگرمیاں 2021 سے جاری ہیں، جن میں گہری کھدائی، نئے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، سرنگیں اور آمدورفت کے راستے بنانا شامل ہیں۔
2026 میں لی گئی تصاویر میں ایک نئی گول عمارت کی تعمیر بھی دکھائی گئی ہے، تاہم ماہرین نے واضح کیا ہے کہ اس عمارت کی جوہری نوعیت یا وہاں نیا ری ایکٹر تعمیر کیے جانے کے بارے میں کوئی حتمی شواہد موجود نہیں ہیں۔
فیڈریشن آف امریکن سائنٹسٹس کے ماہرین نے صیہونی حکومت کے جوہری وار ہیڈز کی تعداد تقریباً 90 بتائی ہے۔ یہ تعداد 2021 میں اسی ادارے کے سابقہ تخمینے کے برابر ہے۔
یہ تخمینہ فوجی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والے ممکنہ پلوٹونیم کے ذخائر، جوہری ہتھیار لے جانے کے نظام اور شائع یا افشا ہونے والی سرکاری دستاویزات کی بنیاد پر لگایا گیا ہے۔
رپورٹ میں پیش کیے گئے تخمینوں کے مطابق، 2025 کے آغاز تک صیہونی حکومت کے پاس پلوٹونیم کے ذخائر 800 سے 1,000 کلوگرام کے درمیان تھے۔ تاہم ماہرین نے وضاحت کی ہے کہ ان ذخائر کی مقدار لازماً جوہری وار ہیڈز کی حقیقی تعداد ظاہر نہیں کرتی، کیونکہ ممکن ہے کہ اس کا کچھ حصہ تزویراتی ذخیرے کے طور پر محفوظ رکھا گیا ہو۔
رپورٹ میں ایف 16، ایف 15 اور ایف 35 جنگی طیاروں، ’’اریحا‘‘ خاندان کے بیلسٹک میزائلوں اور ’’ڈولفن‘‘ کلاس آبدوزوں کا بھی جائزہ لیا گیا ہے، جنہیں ممکنہ طور پر جوہری ہتھیار لے جانے کے ذرائع کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ تاہم ان میں سے بعض نظاموں کی جوہری صلاحیت کی تاحال تصدیق نہیں ہوئی۔
رپورٹ میں امریکہ کے اندر صیہونی حکومت کی جوہری صلاحیتوں کا کھلے عام جائزہ لینے اور واشنگٹن کی کئی دہائیوں پرانی پالیسی ختم کرنے کے مطالبات میں اضافے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
مئی 2026 میں امریکی کانگریس کے 30 ڈیموکریٹ ارکان نے وزیر خارجہ مارکو روبیو کو ایک خط لکھ کر صیہونی حکومت کی جوہری صلاحیتوں اور اس پروگرام پر تبصرہ کرنے کے حوالے سے امریکی حکام پر عائد پابندیوں کے بارے میں وضاحت طلب کی تھی۔
آپ کا تبصرہ