مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی ٹیلی ویژن کے چینل 12 نے کہا ہے کہ آیزنکوت آئندہ بدھ کو کنست میں نئی کابینہ کے ارکان سے حلف لے کر اسے باضابطہ طور پر تشکیل دینے کی کوشش کررہے ہیں۔
یہ اتحاد، یشار پارٹی اور آویگدور لیبرمین کی سربراہی میں اسرائیل ہمارا گھر پارٹی کے درمیان معاہدے کے بعد اب آرتھوڈوکس یہودی جماعتوں کے ساتھ مزید معاہدوں کو حتمی شکل دینے کی کوشش کر رہا ہے۔ توقع ہے کہ ممکنہ کابینہ میں وزارت دفاع اور وزارتِ امیگریشن لیبرمین کے حوالے کی جائیں گی۔
مذاکرات میں سب سے بڑی رکاوٹ صیہونی حکومت کی فوج میں آرتھوڈوکس یہودیوں کی لازمی بھرتی کے معاملے پر اختلاف ہے۔ متحدہ توراتی یہودیت پارٹی کا مطالبہ ہے کہ نئی کابینہ کی تشکیل سے پہلے فوجی خدمت سے فرار ہونے والوں کی گرفتاریاں روک دی جائیں، جبکہ آیزنکوت اس معاملے سے متعلق قوانین کی منظوری کو کابینہ کی تشکیل کے بعد تک مؤخر کرنا چاہتے ہیں۔
اتحاد کو اس وقت 120 رکنی کنست میں 48 نشستیں حاصل ہیں۔ اگر وہ متحدہ توراتی یہودیت اور شاس جماعتوں کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا تو اسے 61 نشستوں کی اکثریت مل سکتی ہے۔ عرب جماعتوں نے بھی، جن کے پاس 19 نشستیں ہیں، اعلان کیا ہے کہ وہ بنیامین نیتن یاہو کی دوبارہ اقتدار میں واپسی روکنے کے لیے آیزنکوت کی کابینہ کو پارلیمانی حمایت فراہم کریں گی۔
آیزنکوت کو نئی حکومت تشکیل دینے کے لیے دی گئی ابتدائی مہلت 6 دسمبر کو ختم ہو رہی ہے، تاہم وہ اس مدت میں مزید 14 دن کی توسیع کی درخواست کر سکتے ہیں۔
آپ کا تبصرہ