مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی پارلیمنٹ کے نائب اسپیکر حمیدرضا حاجی بابائی نے کو پارلیمنٹ کے ورچوئل اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران نہ جنگ سے ڈرتا ہے، نہ عوام کے مسائل سے لاتعلق رہتا ہے اور نہ ہی مذاکرات کی میز پر اپنی عزت کا سودا کرتا ہے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں امریکہ اور اسرائیل کی فوجی دھمکیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وائٹ ہاؤس اور اسرائیلی حکومت اپنے داخلی بحرانوں اور انتخابی مشکلات سے نکلنے کے لیے ایک بار پھر جنگ کا کھوکھلا شور مچا رہے ہیں، لیکن ان کی یہ خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ دشمن ایک بار پھر غلط اندازے لگارہے ہیں۔ اس مرتبہ صورت حال واضح طور پر مختلف ہے؛ ایران پہلے سے زیادہ تیار ہے، جبکہ دشمن پہلے سے زیادہ کمزور، پریشان اور دفاعی اعتبار سے خالی ہاتھ ہے۔ ایران وطن کے دفاع اور اسلام کی عزت کے روشن اصولوں کے تحت میدان میں اترے گا، جبکہ دشمن اپنے ناجائز اور بے نتیجہ مقاصد کے بھنور میں پھنسے ہوئے ہیں۔
حاجی بابائی نے تاکید کی کہ اگر دوبارہ جنگ مسلط کی گئی تو دشمن کو جان لینا چاہیے کہ جنگ شروع کرنے کا اختیار شاید اس کے پاس ہو، لیکن اس کا اختتام اس کے اختیار میں نہیں ہوگا۔ آگ وہ لگائیں گے، لیکن اس کے شعلے خود انہیں بھی اپنی لپیٹ میں لے لیں گے۔
انہوں نے ایران اور مغربی ممالک کی صورت حال کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ ہر رات ایران کی سڑکوں پر عوام اپنے پرچم اور نظام کی حمایت میں ڈٹ کر کھڑے ہیں اور استقامت کے نعرے لگاتے ہیں، جبکہ دوسری جانب مغربی ممالک کے دارالحکومتوں کی سڑکوں پر ایسے مظاہرین کا قبضہ ہے جو اپنے حکمرانوں کی جنگ پسندی اور جنون سے تنگ آچکے ہیں۔ ٹرمپ کی مقبولیت میں شدید کمی آئی ہے اور ان کی اور ان کے اتحادیوں کی ذلت آمیز شکست کے آثار پہلے سے زیادہ نمایاں ہو رہے ہیں۔
ایرانی پارلیمنٹ کے نائب اسپیکر نے مزید کہا کہ دشمن یاد رکھیں کہ آج عالمی توانائی کی نبض اور آبنائے ہرمز کی اہم گزرگاہ ہمارے بہادر جوانوں کی مضبوط گرفت میں ہے۔ تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے اور مغرب کی کمزور معیشت کے باعث دشمن طویل اور تھکا دینے والی جنگ لڑنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خود دشمن کی رپورٹیں اس بات کی گواہ ہیں کہ اس کے اسلحے کے ذخائر اور فضائی دفاعی وسائل میں کمی کا سامنا ہے اور اس کے فوجی اڈے مزاحمت کی شدید لہروں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔
حاجی بابائی نے خبردار کیا کہ اگر ایران کی سرزمین پر معمولی سی جارحیت بھی کی گئی تو ایران کا جواب نہ محدود ہوگا اور نہ ہی مختصر مدت تک رہے گا، بلکہ اس مرتبہ اس کا دائرہ بہت وسیع اور طویل ہوگا۔ جارح فوجیوں کے تابوت، اسرائیلی حکومت کے کھوکھلے ڈھانچے کا خاکستر ہونا اور عالمی معیشت کے لیے مہلک بحران اس کی کم سے کم قیمت ہوگی۔
انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ ایران جنگ شروع کرنے والا نہیں، لیکن جارحوں کا قبرستان ضرور بنے گا۔
آپ کا تبصرہ