24 نومبر، 2026، 6:10 PM

آبنائے ہرمز نہیں کھلے گی بلکہ ناکہ بندی مزید سخت ہوگی، جنرل حاتمی

آبنائے ہرمز نہیں کھلے گی بلکہ ناکہ بندی مزید سخت ہوگی، جنرل حاتمی

ایران کے آرمی چیف نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز بدستور بند رہے گی اور اس پر مزید سخت کنٹرول نافذ کیا جائے گا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی بری فوج کے سربراہ میجر جنرل امیر حاتمی نے آرمی کمانڈ اینڈ اسٹاف یونیورسٹی میں فوجی کمانڈروں، معاونین اور اعلیٰ حکام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقت میں فوجی، سیاسی، سماجی اور جغرافیائی و تزویراتی عوامل شامل ہیں۔ ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ جنگ کی صورت میں ان تمام صلاحیتوں کو مؤثر انداز میں استعمال کر سکتے ہیں، لیکن دشمن کو ہماری اس صلاحیت پر یقین نہیں تھا۔

انہوں نے فوجی کارروائیوں کی دفاعی نوعیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے امریکہ جیسی عالمی طاقت کا مقابلہ کیا، جس کے ساتھ اسرائیلی حکومت بھی شامل تھی۔ اسرائیل نے چھ روز میں اپنے گرد و نواح کے کئی ممالک کو شکست دی تھی۔ دشمن کا خیال تھا کہ 12 روزہ جنگ کے بعد ایران تین چار دن سے زیادہ میزائل اور گولے نہیں داغ سکے گا، لیکن ہم نے جنگ کے آخری دن تک حملے جاری رکھے۔ اس کے بعد جب مزید 10 سے 12 روز تک جنگ جاری رہی تو اس دوران بھی ہماری فائرنگ کا سلسلہ برقرار رہا۔ آج بھی ہماری صورت حال بہت اچھی ہے اور ہم دفاعی اہداف حاصل کرچکے ہیں۔

میجر جنرل حاتمی نے گزشتہ تقریباً نو ماہ سے سڑکوں اور رات کے اجتماعات میں عوام کی مسلسل موجودگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم نے سماجی طاقت کے میدان میں بڑا کردار ادا کیا ہے۔ دشمن سمجھتا تھا کہ شہید رہبر انقلاب کو نشانہ بنانے سے ایران کا نظام بکھر جائے گا، لیکن وہ اس حقیقت سے بے خبر تھا کہ شہید امام نے ایرانی عوام کی گہری شناخت کی بنیاد پر ادارہ سازی کی تھی۔ آج بیدار ایرانی عوام کی یہ بیداری اسی دوراندیشی کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید رہبر انقلاب نے پہلے ہی خبردار کر دیا تھا کہ اگر دشمن نے غلطی کرتے ہوئے حملہ کیا تو جنگ پورے خطے میں پھیل جائے گی۔ اس وقت بہت سے لوگ اس حکمت عملی کی گہرائی کو نہیں سمجھ سکے تھے، لیکن جنگ چھڑنے کے بعد سب پر اس کی اہمیت واضح ہوگئی۔

آبنائے ہرمز کو ایران کی جغرافیائی و تزویراتی طاقت کا ایک اہم حصہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تیسری مسلط کردہ جنگ کے بعد ہم نے امریکہ کی ناقابلِ شکست ہونے کی تصویر بدل دی اور ایران ایک عالمی طاقت بن کر سامنے آیا۔ ہم نے ثابت کر دیا کہ ایران کو نگلنے کی کوشش کرنے والا خود اس کے گلے میں پھنس کر رہ جائے گا۔

انہوں نے جنگ کے علاقائی پھیلاؤ کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کو وسعت دینے اور اس کے عمودی و افقی دائرے کو بڑھانے سے ایران علاقائی طاقت سے عالمی طاقت میں تبدیل ہوا اور دنیا بھر نے اس طاقت کے اثرات محسوس کیے۔ ہم نے دشمن کو یہ موقع نہیں دیا کہ جنگ کا سارا درد صرف ایرانی عوام برداشت کریں، بلکہ جنگ مسلط کرنے والوں کو بھی اپنے پٹرول پمپوں اور گھروں تک جنگ کی تکلیف محسوس کرنا پڑی۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ مسلح افواج کے کمانڈروں سے ملاقات میں سپریم کمانڈر نے اہم حکمت عملیوں کی ہدایات جاری کی ہیں۔ اگر دشمن اپنے پیدا کردہ بحران سے نکلنے کے لیے ایک اور حماقت کرتے ہوئے نئی جنگ شروع کرتا ہے تو اگلے مرحلے میں اسے پہلے سے زیادہ شدید، فیصلہ کن اور جغرافیائی حدود سے ماورا حملوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ہم نے ان نئی حکمت عملیوں کے مطابق آپریشنل منصوبے تیار کر لیے ہیں اور ان پر عمل درآمد کی تیاریاں بھی مکمل کر لی ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اس بار ایران کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا تو ہم دشمن کے بنیادی ڈھانچے پر ایسے حملے کریں گے جن کے نقصانات کی تلافی آسانی سے ممکن نہیں ہوگی۔

میجر جنرل حاتمی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اب اپنی فوجی منصوبہ بندی میں جغرافیائی حدود کا پابند نہیں ہے۔ جنگ کی تکلیف صرف ایرانی عوام کو برداشت نہیں کرنا پڑے گی، بلکہ دشمن کی مدد اور اس کا ساتھ دینے والے ہر فریق کو بھی اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کمانڈر نے واضح کیا ہے کہ اگر نئی جنگ مسلط کی گئی تو اس کے حالات اور وقت کا تعین ہم خود کریں گے۔ ایرانی قوم عاشورائی ثقافت اور اپنی عظیم تاریخ سے وابستگی کے باعث جب تک ضروری ہوگا، مزاحمت جاری رکھے گی۔

آرمی چیف کے مطابق، اس وقت دشمن شدید بے بسی اور دفاعی پوزیشن میں ہے اور اگر اس نے نئی جنگ شروع کی تو وہ موجودہ بحران سے نکلنے کے بجائے مزید گہرے بحران میں پھنس جائے گا۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک سے جنگ کا خطرہ ختم کرنا، نہ جنگ نہ امن کی کیفیت کا خاتمہ کرنا اور ظالمانہ پابندیاں اٹھوانا ہیں۔ ان اہداف کے حصول کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کی سات نکاتی حکمت عملی پر عمل درآمد ضروری ہے۔ جب تک یہ اہداف حاصل نہیں ہوتے، آبنائے ہرمز نہیں کھلے گی بلکہ اس کی بندش روز بروز مزید سخت ہوگی اور اس پر پہلے سے زیادہ مضبوط کنٹرول نافذ کیا جائے گا۔

News ID 1943094

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha