مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مقبوضہ علاقوں میں سخت سنسرشپ کے باوجود صہیونی وزارت جنگ کے بحالی کے ادارے نے صیہونی حکومت کی جانب سے شروع کی گئی جنگوں میں زخمی ہونے والے فوجیوں کے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔
ادارے کے مطابق، اس وقت 92 ہزار 300 زخمی فوجی اس کے زیرِ نگرانی ہیں، جن میں سے 31 ہزار 500 فوجی حالیہ جنگ میں زخمی ہوئے ہیں۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، مجموعی زخمیوں میں سے 43 ہزار 800 فوجی، یعنی 47 فیصد، نفسیاتی صدمات اور بعد از صدمہ ذہنی عوارض (PTSD) کا شکار ہیں۔ ان میں سے 19 ہزار 600 فوجیوں کو حالیہ جنگ کے دوران نفسیاتی نقصان پہنچا ہے۔
اعداد و شمار میں مزید بتایا گیا ہے کہ تقریباً 1100 فوجیوں کے اعضا کاٹے جاچکے ہیں، 123 بینائی سے محروم ہوچکے ہیں، جبکہ 602 فوجی معذوری کی شدید ترین سطح پر ہیں۔
اس کے علاوہ 3900 فوجی مختلف درجات کے دماغی نقصانات کا شکار ہیں، جن میں سے 249 کو شدید نوعیت کی دماغی چوٹیں آئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، حالیہ جنگ میں زخمی ہونے والے فوجیوں میں سے 58 فیصد، یعنی 15 ہزار 700 اہلکار ریزرو فورسز سے تعلق رکھتے ہیں۔
آپ کا تبصرہ